30دسمبر کو نشتر پارک میں منعقد ہونے والے جلسہ میں کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار پاکستانی بنگالی کیمونٹی کے حوالے سے اہم اور تاریخی اعلان کریںگے ،رکن رابطہ کمیٹی ایم کیوایم (پاکستان ) عادل خان

پیر 26 دسمبر 2016 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی عارضی دفتر واقع پی آئی بی کالونی میںالحاج مولانا شبیر احمد کی سربراہی میں پاکستانی بنگالی آرگنائزنگ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کراچی کے مقیم بنگالی برادری کے معززین نے کثیر تعداد میںشرکت کی۔ اجلاس میں پاکستانی بنگالی آرگنائزنگ کمیٹی کے مرکزی عہدیداران کا اعلان کیاگیا ۔

مذکورہ اجلاس میںاراکین رابطہ کمیٹی عادل خان ، عارف خان ایڈوکیٹ ، انچارج KMOCفرخ اعظم ، جوائنٹ انچارجز سید معین الدین ، اسلم بلوچ ، احمد رضا زیدی اور رکن جمیل احمد نے بھی شرکت کی ۔اراکین رابطہ کمیٹی عادل خان ، عارف خان ایڈوکیٹ اور جوائنٹ انچارجKMOC اسلم بلوچ نے بنگالی برادری کے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1971میں پاکستان کے دولخت ہوجانے کے بعد پاکستان میں مقیم بنگالی کیمونٹی نے پاکستان کے ساتھ رہنے فیصلہ کیاپاکستانی بنگالی برادری کا پاکستان کی ترقی اور خصوصاً کراچی کی معاشی سرگرمیوںمیں نہایت اہم کردار ہے ،یہی نہیں تحریک پاکستان میں بھی بنگالی کیمونٹی کا ایک اہم کردار رہا ہے جسے نظر اندا زیا جھٹلایا نہیں جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستانی بنگالی برادری سے تعلق رکھنے والے عوام کے جائز مسائل کو اقتدار پر برا جمان حکمرانوںنے اور ان کی سیاسی جماعتوںنے ہمیشہ نظر انداز کیا اوربنگالی کیمونٹی کو سیاسی طور پر اپنے مقاصد کے لئے استعمال تو ضرور کیا ہے لیکن ان کے مسائل حل نہیںکئے ، ہر سیاسی جماعت نے ان کے سب سے بڑے دیرینہ مسئلہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر بنگالی برادری میں اپنی سیاست تو چمکائی لیکن اسے حل نہیںکیا ،ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوںنے ہمیشہ پاکستانی بنگالی کیمونٹی کے مسائل پر آواز حق بلند کی ہے ، ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو پاکستان میںمقیم بنگالی برادری کو اپنی خیر خوا ہ سمجھتی ہے اور ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے یہی وجہ سے کہ گزشتہ روز کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستارکی ہدایت پر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے پاکستانی بنگالی برادری کے شناختی کارڈاور پاسپورٹ کے حصول کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ایک تحریک پیش کی ہے ،بنگالی برادری کا بھی اتنا ہی حق پاکستان پر ہے جتنا کہ دوسری قومیتوں کا اوربنگالی برادری ہم سے جدا نہیں ہے اور نہ ہم بنگالی برادری سے علیحدہ ہیں۔

بنگالی کیمونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ایم کیو ایم ہر فورم پر آواز بلندی کرتی رہے گی انشاء اللہ تعالی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار 30دسمبر کو نشتر پارک میں منعقد ہونیوالے جلسہ عام میں پاکستانی بنگالی برادری کے حوالے سے نہایت اہم اعلان کریں گے جو بنگالی برادری کے لئے تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی نے معززین کو 30دسمبر کو نشتر پارک میں منعقد ہونے والے جلسہ میں شرکت کی دعوت دی، اجلاس میں اس سے قبل پاکستانی بنگالی آرگنائزنگ کمیٹی کی مرکزی کمیٹی کے عہدیداران کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق اعجاز کامریڈ کو پاکستانی بنگالی آرگنائزنگ کمیٹی کے سرپرست ،جبکہ الحاج مولانا شبیر احمد چیرمین، عبدالعزیز جیون جنرل سیکریٹری ، شیخ محمد نور السّلام جوائنٹ سیکریٹری محمد ذوالحج اور محمد حسین آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر منتخب ہوئے ہیں،بنگالی آرگنائزنگ کمیٹی کے سرپرست اور چیرمین الحاج مولانا شبیر احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ آخری موقع ہے کہ پاکستانی بنگالی متحد ومنظم ہوکر اپنے ایم کیو ایم کے شانہ بشانہ اپنے حقوق کی جدوجہد کریں ، بنگالی برادری کو ہمیشہ مختلف سیاسی جماعتوںنے اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرکے چھوڑ دیا،لیکن ہمارے مسائل حل نہیں کئے ، ایم کیو ایم واحد نمائندہ جماعت ہے جس نے ہر موقع پر بنگالی برادری کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے ،یہی نہیں ایم کیو ایم کے پارلیمنٹیرین نے اپنا حق ادا کیاہے اور پاکستانی بنگالی برادری کے دیرینہ مسئلہ شناختی کارڈ او ر پاسپورٹ کے حصول کے حوالے سے قومی اسمبلی کے فلور پر تحریک جمع کروائی ہے جو اس سے قبل کسی جماعت نے جمع نہیں کروائی ۔

30دسمبر کو نشتر پارک میں ہونے والے جلسہ میں پاکستانی بنگالی کیمونٹی بھر پور انداز میں شرکت کرکے یہ ثابت کردے گی کہ پاکستانی بنگالی متحدہ کے ساتھ ہیں اور ایم کیوایم کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔