پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام وحدت امت کانفرنس سے مقررین کا خطاب

پیر 26 دسمبر 2016 21:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) مسلم ممالک میں انتشار پھیلانے والی فرقہ وارانہ دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرپرستوںکا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا، مسلم دنیا کو اسلامی عسکری اتحاد کے ساتھ فکری اتحاد بھی فوری قائم کرنا ہوگا، برما،حلب ،کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، ارض حرمین الشریفین کی سلامتی ،دفاع اور استحکام سے متعلق سپہ سالار قوم کا بیان پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کراچی کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ انوار العلوم کراچی میں ہونے والی وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں 29 سے زائد مذہبی وسیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ انتہاپسندی ،دہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے متحد اور منظم جدوجہد کی ضرورت ہے۔

پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام یکم مارچ 2017ء کو دوسری سالانہ عالمی پیغام اسلام کانفرنس منعقد ہوگی جس میں مختلف اسلامی ممالک کے قائدین شریک ہوں گے۔ اعلامیہ میں حلب،برما اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی سربراہی کانفرنس اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ روس،امریکہ اور ایران کوعرب اور اسلامی ممالک میں مداخلت سے روکا جائے اور برما کی حکومت کو مسلمانوں کی نسل کشی کے ہونے والے واقعات سے روکا جائے۔

متعلقہ عنوان :