ملک رؤف میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی ملیر جیم خانہ کے نام

پیر 26 دسمبر 2016 21:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) کے سی سی اے زون4کے زیر اہتمام منعقدہ ملک رؤف میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اور’’اے‘‘ ڈویثرن لیگ کی فاتح ٹرافی پر ملیر جیم خانہ کا قبضہ، فائنل میں بالترتیب پنجاب سی سی اور ماڈل کالونی جیم خانہ کو شکست سے دوچار کیا۔ ملیر جیم خانہ کے ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور ملک رؤف میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے مین آف دی فائنل قرار پائے انہوں نے نصف سنچری بنائی اور 4 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

’’اے‘‘ ڈویثرن لیگ کے فائنل میں ملیر جیم خانہ کے اعظم حسین کو 48 رنز پر 9 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے دونوں فائنلز کی فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں میں ونر اور رنر ٹرافی کے علاوہ کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کے سی سی اے زون 4 کے سرپرست ایس ایم عادل، مسرت رضا، صدر امتیاز احمد، سیکریٹری شمیم انور صدیقی، خازن عتیق صدیقی و دیگر عہدیداران کو خراج تحسین پیش کیا کہ زون 4 نے 2016ء میں پی سی بی کی ہدایت کے مطابق کم از کم 2 آفیشل ٹورنامنٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا۔

مہمان خصوصی نے صوبائی وزیر کھیل سردارمحمد بخش مہر سے بھی اظہا ر تشکر کیا کہ انہوں نے پنجاب اسپورٹس کمپلیکس شاہ فیصل میں کرکٹ گراؤنڈ کی حیثیت کو برقرار رکھنے اور اسے تمام تر سہولتوں سے آراستہ کرنے کا اعلان کرکے کرکٹ لورز اور اہلیان شاہ فیصل کالونی کے دل جیت لئے۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر سیکریٹری کے سی سی اے شفیق کاظمی، جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد، اسسٹنٹ سیکریٹری توصیف احمد، سرپرست زون 4ایس ایم عادل، مسرت رضا، امتیاز احمد، سیکریٹری شمیم انور صدیقی، خازن عتیق صدیقی و دیگر کرکٹ کلبوں کے آفیشلز اور شائقین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر پر ملک رؤف میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ملیر جیم خانہ نے پنجاب سی سی کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پنجاب سی سی نے 8 وکٹوں پر 125رنز اسکور کئے۔ شاہزیب احمد نے 22، جہانزیب نے 18 اور اسد الرحمن نے 16رنز بنائے۔ خرم منظور نے 67 رنز کے عوض 4کھلاڑی میدان بدر کئے۔ اعظم حسین کو 38 رنز پر 3 جبکہ ایک وکٹ یاسر حسین کے نام رہی۔

ملیر جیم خانہ نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف باآسانی 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 126رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے۔ خرم منظور نے 31 گیندوں پر 51 رنز اور خالد لطیف نے 25 گیندوں پر 40 رنز کی زور اننگز کھیلیں۔ یاسر مشتاق نے 19رنز اورارسلان فرزند نے 12 رنز کا حصہ اپنی ٹیم کی کامیابی میں ڈالا۔ شاہ زیب احمد اور بابر خواجہ نے ملیر جیم خانہ کی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایمپائرز متین شیخ اور جاوید جعفری جبکہ آفیشل اسکورر صغیر احمد تھے۔ قبل ازیں کے سی سی اے زون 4 ’’اے‘‘ ڈویثرن لیگ کے فائنل میں ملیر جیم خانہ نے مادل کالونی جیم خانہ کو پاک اسٹار گراؤنڈ پر 17 رنز سے شکست دی۔ اعظم حسین نے 48 رنز کے عوض 9وکٹیں ملیر جیم خانہ کیلئے حاصل کیں۔ ارسلان فرزند نے 77 اور خالد لطیف نے 71 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو آسان فتح سے ہمکنار کیا۔

متعلقہ عنوان :