خضدار اور سوراب میں ٹیلی فون لینڈ لائنز ، موبائل فونز اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہونے سے صارفین کو مشکلات

پیر 26 دسمبر 2016 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) بلوچستان کے ضلع خضدار اور سوراب کے علاقے میں فائبر آپٹیکل لائن کٹ جانے کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹیلی فون لینڈ لائنز ، موبائل فونز اور انٹرنیٹ نے کام چھوڑ دیا جس کے باعث نہ صرف آن لائن ٹکٹنگ سمیت دیگر معاملات رک گئے بلکہ نیوز ایجنسیوں اور اخبارات میں بھی کام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سہ پہر سے بلوچستان کے علاقے خضدار اور سوراب میں فائبر آپٹیکل لائن کٹ جانے کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹیلی فون ، انٹرنیٹ اور موبائل نظام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے عوام ، تجارت سے وابستہ افراد سمیت مختلف محکموں کے ملازمین اور اخبارات و نیوز ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لوگ ڈیڈ ٹیلی فونز ، فیکس اور انٹرنیٹ کی شکایات کے لئے دن بھر محکمہ پی ٹی سی ایل سے رابطہ کی کوشش کرتے رہے لیکن ان کی کوششیں بار آور ثابت نہ ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ اور ٹیلی فونز سسٹم جام ہونے کے بعد شہر میں مختلف افواہیں بھی گردش کرنے لگی تاہم بعد ازاں الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوام کو معلوم ہوا کہ کراچی اور بلوچستان میں 4 مقامات پر فائبر آپٹیکل لائن کٹ چکی ہیں جس کے باعث سسٹم جام ہوکر رہ گیا ہے۔ ویسے تو زندگی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بالواسطہ یا بلاواسطہ فائبر آپٹک لائن کٹ جانے سے متاثر ہوئے تاہم سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا اخبارات اور نیوزایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو کرنا پڑا ۔

اخبارات کی جانب سے یو ایس بی اور میموری کارڈ کے ذریعے خبریں کاپی کرکے مختلف دفاتر میں لے جانے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ آن لائن ٹکٹنگ سمیت دیگر سسٹمز بھی کئی گھنٹوں تک مکمل طور پر ڈیڈھ رہے بعد ازاں کئی گھنٹے گزرنے کے بعد شہر اور صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹیلی فونز اور انٹرنیٹ کا نظام بحال ہونا شروع ہوا جس کے باعث لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔

متعلقہ عنوان :