قائد اعظم کے افکار و نظریات پر عمل پیرا ہو کر ملک کومسائل سے نکالا جا سکتا ہے‘ذکر اللہ مجاہد

قائد کے تصورات اور موجودہ ملکی نظام ایک دوسرے سے کسی طور میل نہیں کھاتے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 26 دسمبر 2016 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ قائداعظیم کے افکار و نظریات پر عمل پیر ا ہو کر ملک کو تمام درپیش مسائل سے نکالا جا سکتا ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوںنے اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام تاریخ انسانی کا ایک عظیم واقعہ ہے مسلماناں ہند کی سال ہاسال کی لا زوال قربانیوں اور قائداعظیم کی ولولہ انگیز اور بابصیر ت قیادت کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے تصورات اور موجودہ ملکی نظام ایک دوسرے سے کسی طور میل نہیں کھاتے۔ قائد اعظم خطے میں ایک ایسی اسلامی ریاست کا قیام چاہتے تھے جہاں اسلامی ریاست کا مرکزومحور اسلام کا معاشرتی انصافِ عدل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج موجودہ ملکی نظام دیکھا جائے تو ہر طرف سیاسی انتشار ، بے راہ روی ، ناآسودگی ، کرپشن ، ناانصافی ، فرقہ واریت، دہشتگردی اوردیگر مسائل نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ 70سال سے اقتدار کی حوس اور ذاتی مفادات رکھنے والے سیاستدانوں نے آمرانہ رویوں اور انتخابات کی رسم کو جمہوریت کا خوبصورت نام دے کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔جس سے ملکی ادارے کمزور اورآئین پاکستان غیر محفوظ ہو کر رہ چکا ہے۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بانی پاکستان کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرنے کا طریقہ تو یہ ہے کہ قائد کے فرمودات پر عمل کیا جائے اور پاکستان کو اسلامی جمہوری مملکت بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور ملک میں مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے عوام ان لوگوں کا ساتھ دے جو ملک کو اسلامی پاکستان ،خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی جمہوری ، سیاسی ، مذہبی جماعت ہے جس کی قیادت ہمیشہ ہر قسم کی کرپشن ، اقرباء پروری سے پاک ہے اور ملک میں اسلامی نظام کے لیے اپنی انتھک جدوجہد جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔