رانا ثناء الله کی نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر اور

چیئرمین میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ چوہدری محمد سعید سے ملاقات عوامی خدمت کے لئے بھر پور جدوجہد کریں تاکہ مسلم لیگ ( ن) کا گراف مزید بلند ہو،صوبائی وزیر قانون کی ہدایت

پیر 26 دسمبر 2016 21:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر اور نومنتخب چیئرمین میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ چوہدری محمد سعید سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ایم پی اے جعفر علی ہوچہ بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر قانون نے نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل اور چیئرمین میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ کو کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ عوامی خدمت کے لئے بھر پور جدوجہد کریں تاکہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کا گراف مزید بلند ہو۔

انہوں نے کہا کہ دیہی عوام کی خدمت اور تعمیر و ترقی کے لئے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے لہذا وہ تمام بلدیاتی نمائندوں کو ساتھ لے کر چلیں اور دیہی عوام کی بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبے تیار کریں ان کے لئے حکومت پنجاب سے فنڈز حاصل کریں گے ۔

(جاری ہے)

نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی سیاسی بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکی محنت اور بہترین حکمت عملی سے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) مزید مضبوط اور مقبول ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین شپ کا ٹکٹ میرٹ پر جاری ہوا ہے اور وہ پارٹی اور عوامی توقعات پر پورا اتریں گے اور ضلع کی خدمت کے مشن کو پورا کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیںصوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں نے عبداللہ کالونی سمندری روڈ پر گاڈبلیس اکیڈمی میں تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ علم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، موجودہ حکومت علمی شعبے کی ترقی واستحکام اورذہین طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اس سلسلے میں مستحق طالب علموں کو اعلیٰ تعلیمی وسائل کی فراہمی کے لئے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی طرف سے قائم کردہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا حجم 17، ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جو کہ ایک مثالی وتاریخی کارنامہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70کے تمام سکولوں کی حالت سنوارنے پر کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کئے گئے ہیں جبکہ اس علاقہ میں دوگرلز کالجز کاقیام بہت بڑی عوامی سہولت ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو زیادہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی ان کا اولین مشن ہے اور اب حلقہ میں کوئی سکول کلاس رومزودیگر بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں۔انہوں نے کہا کہ علم کے فروغ کے لئے نجی شعبے کے کردار کونظر انداز نہیں کیاجاسکتا جن کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے اکیڈمی انتظامیہ سے کہا کہ وہ مستحق اورغریب بچوں کو مفت تعلیم دینے کے لئے بھی خصوصی کوٹہ مقررکریں اوراعلیٰ معیار تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔اس موقع پر اکیڈمی کی انتظامیہ نے تقریب میں شرکت کرنے پر صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں کاشکریہ ادا کیااور کہا کہ وہ تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے میں حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :