سیاست کو تجارت بنانے والے قومی مجرم ہیں، سنی اتحاد کونسل کی منزل انقلابِ نظامِ مصطفی ہے،حامدرضا

پیر 26 دسمبر 2016 21:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء)سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سیاست کو تجارت بنانے والے قومی مجرم ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی منزل انقلابِ نظامِ مصطفی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملکی اقتدار ہمیشہ سیاسی قبضہ گروپوں کے نرغے میں رہا ہے۔ طاقت پرستی ہمارا قومی مزاج بن چکی ہے۔

لیڈروں کی اکثریت ملک سے لیتی بہت کچھ ہے لیکن دیتی کچھ نہیں۔ کرپشن کے ذریعے دولت جمع کرنے والے معزز اور باعزت بن چکے ہیں۔ 65 سالوں میں لیڈروں کے حالات ضرور بدلے لیکن عوام کے حالات نہیں بدلے اور لوٹ مار کی انتہا ہو گئی ہے۔ تین بار پورے ملک اور پانچ بار پنجاب پر حکمرانی کرنے والوں نے ملک و قوم کو کچھ نہیں دیا۔ غریب عوام کا خون چوسنے والے عوام کے جعلی ہمدرد بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کے خلاف کو ئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سندھ پر روانگی سے قبل جامعہ رضویہ میں عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے امریکہ، بھارت اور اس کے ایجنٹوں کا ہاتھ ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

امن دشمنوں کے مقابلے کے لیے امن دوست متحد ہو جائیں۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا وفد کے ہمراہ تین روزہ دورہ پر سندھ روانہ ہوگئے ہیں۔صاحبزادہ حامد رضا اپنے دورہ کے دوران حیدر آباد میں لبیک یارسو ل اللہ کانفرنس سے خطاب کریں گے اور سکھر، نواب شاہ، لاڑکانہ میں سنی اتحاد کونسل کے دفاتر کا افتتاح بھی کریں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ وفد میں صاحبزادہ حسن رضا، مولانا محمد ندیم رضا اور دیگر بھی شامل ہیں۔