نصیرآبادمیںعام انتخابات کیلئے اتحاد ومیٹنگز اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ تیز ہوگیا

پیر 26 دسمبر 2016 21:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء):۔نصیرآباد میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا۔ 2018ء کے عام انتخابات کے لئے اتحاد ومیٹنگز اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ ابھی سے تیز ہوگیا ہے۔ بھنگر قومی اتحاد نصیر آباد نے بھی حلقہ 28نصیرآباد ۔1سے جنرل الیکشن میں حصہ لینے کے لئے اپنا امیدوار میدان میں لانے کا اعلان کردیا ہے۔

امیدوار کے نام کا حتمی فیصلہ کچھ عرصہ بعد کیا جائے گا۔ بھنگر قوم کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ بھنگر اقوام بھی اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لئے متحد ومنظم ہوجائے۔ بکھری ہوئی قوم کو ایک ساتھ لانے کے لئے صوبائی وملکی سطح پر بھرپور کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھنگر قومی اتحاد کے چیئرمین میر عبدالحئی خان بھنگر، وائس چیئرمین میر جعفر کریم بھنگر سمیت دیگر نے سیاسی وقبائلی رہنما میر نیاز علی عمرانی کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حاجی اسرار احمد بھنگر، عبدالرؤف خان بھنگر، حاجی محمد انور بھنگر، میرل بھنگر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ میرعبدالحئی خان بھنگر، وائس چیئرمین میرجعفر کریم بھنگر نے کہا کہ تحصیل چھتر میں امن وامان کا قیام پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کے جاتا ہے جوکہ اپنی جان پر کھیل کر عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 28میں بھنگر اقوام بڑی تعداد میں اپنے نام اندراج کروائے ہیں اور ہمیں اکثریت حاصل ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے جس کے لئے اپنے اقوام کے معتبرین، معززین سے صلاح ومشورے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھنگر اقوام کو چاہیئے کہ وہ تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لئے متحدومنظم ہوکر جدوجہد کریں اور مستقبل کے معماروں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کیا جائے تاکہ ترقی اور خوشحالی کی منزلیں حاصل کی جاسکیں۔