نواز شریف اور زرداری مفاہمت کے نام پر کرپشن کا دفاع کرتے ہیں،سندھ نیشنل فرنٹ

پیر 26 دسمبر 2016 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد انور گجر کراچی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری ایک دوسرے کو ڈرا دھمکا کر مفاہمت کے نام پر جمہوریت بچانے کے لئے کرپشن کا دفاع کرتے ہیں۔ حالانکہ مفاہمت سے ملک اور قوم کا کوئی فائدہ نہیں،بلکہ یہ عوام کا لوٹا ہوا مال بچانے اور اسے تحفظ دینے کے لئے ہے۔

حکومت کی اپوزیشن کے خلاف نام نہاد کارروائیاں اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک گیڈر بھبکیوں، بلیک میل کرنے، کرپشن اور کرپٹ لوگوں کو ریلیف دینے کے مترادف ہے۔ حکومت ان کے خلاف کوئی اقدام اٹھائے گی اور نہ ہی زرداری ٹولہ حکومت کے خلاف کوئی تحریک چلانے کے لئے میدان میں آئے گا۔

(جاری ہے)

انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ صرف ایک چھاتے سے زرداری کی اینٹ سے اینٹ بجانے والی دھمکیوں سے ہوا نکل کر ان پر خوف طاری ہوگیا ہے۔

چار روز قبل بھڑکیں مار کر شور شرابہ، ناچ گانا کرنے والے جیالے شامزی درباری بھی منظر عام سے غائب ہو کر بلوں میں جاچکے ہیں اور پیپلز پارٹی کی صفوں میں سناٹا اور خاموشی چھاگئی ہے کیونکہ زرداری پارٹی کی عمارت کرپشن پر مبنی اینٹوں اور پلروں پر قائم ہے۔ اینٹ سے اینٹ بجانے والے زرداری کے خوشادی انور مجید کے دفاتر پر چھاپہ مار کر انہیں ڈرایا گیا ہے جس سے زرداری کی کرپشن پر مبنی پوری عمارت لرز گئی ہے۔

اگر زرداری کے ایک دو اور کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالا گیا تو پیپلز پارٹی زمین بوس ہوجائے گی۔ ہم شروع دن سے ہی کہتے آرہے ہیں کہ زرداری کیمپ میں صرف عوام کے لوٹے ہوئے مال کی بندر بانٹ، اقتدار، اختیارات کی چمک کا ہی رش ہے۔ مال کھانے والے تحریک چلا کر کبھی مار کھانے کے لئے میدان میں نہیں نکلیں گے۔ پیپلز پارٹی کی 27 دسمبر کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے والی گیڈر بھبکیوں سے بھی ہوا نکل جائے گی، ان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے آجائے گا، انہیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ پیپلز پارٹی خود کرپشن کی پیداوار ہے جس کی رگوں میں عوام کے لوٹے ہوئے مال کا خون دوڑ رہا ہے۔