لاہور نالج پارک طالب علموں کوعالمی معیار کی تعلیم مہیا کرے گا،سیدرضا علی گیلانی

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) صوبائی وزیرہائیرایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ 800ایکڑ پر محیط لاہور نالج پارک عالمی معیار کی تعلیم و تدریس اور تحقیق کا اعلیٰ ترین مرکز ہو گا جہاں پر دنیا بھر سے تشنگان علم آئیں گے،یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں لاہور نالج پارک کے منصوبے کے بارے میں دی جانیوالی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک میں طالب علموں کو آئیڈیل علمی ماحول میسر آئے گا جبکہ اس منصوبے میں خصوصی افراد کیلئے بھی تمام سہولیات فراہم ہوں گی،اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ اٹلی کی دو مختلف جامعات نے لاہور نالج پارک میں بین الاقوامی کیمپسز کے قیام پر اصولی اتفاق کیا ہے ،اسی طرح نالج پارک میں 200بستر کے سویڈن کے کیرولینسکاکینسر انسٹی ٹیوٹ کے تحت ایڈوانسڈ کینسر ریسرچ کی سہولیات بھی میسر ہوں گی، اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ یہ ہائی ٹیک نالج پارک ہو گا جہاں پر طالب علموں اور دیگر سٹاف کیلئے عالمی معیار کی سکیورٹی مہیا ہو گی جبکہ اس منصوبے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے 2015-18ء کیلئے 21 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات نے لاہور نالج پارک کو ایک ماحول دوست منصوبہ قرار دے دیا ہے، صوبائی وزیرسید رضا علی گیلانی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ لاہور نالج پارک کی تکمیل سے پاکستانی طالب علموں کو عالمی معیار کی ہائیرایجوکیشن کیلئے بہترین پلیٹ فارم میسر آئے گا اور اس طرح پاکستان نالج اکانومی کو ترقی دے کر دنیا میں عظیم علمی قوت کے طور پر جانا جائے گا،انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور نالج پارک کو مقررہ شیڈول کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ طالب علموں کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات جلدازجلد میسر ہوں۔