صوبائی حکومت اساتذہ کی تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ،وزیرتعلیم عاطف خان

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

پشاور۔26دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے روشن اور تابناک مستقبل کے لیے نئی نسل کی تربیت ٹھوس خطوط پر کریں اور ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرکے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم غریب عوام کے بچوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ مراعات یافتہ طبقات کا مقابلہ کرسکیں ۔

صوبائی حکومت اساتذہ کی تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور حال ہی میں برٹش کونسل کے ساتھ معاہدے کی نتیجے میں 83ہزار اساتذہ کو انگلش ،میتھس اور سائنس کے مضامین میں عالمی معیار کے مطابق تربیت دی جائے گی جس پر 56کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی ۔وہ عدنان شہید گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک مردان میں ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم انیڈ ٹیچرزایجوکیشن ایبٹ آباد کے زیر اہتما م اساتذہ کے تربیتی پروگرام کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ادارے کے ڈائریکٹر سید بشیر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ضلع مردان اور نوشہرہ میں 18مقامات پر اساتذہ کے لیے انگریزی اور میتھس کے مضامین میں اس تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ،اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں اساتذہ کی تربیت پر توجہ نہیں دی گئی تاہم موجودہ حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن افسر زاہد خان ، ممتاز ماہر تعلیم حافظ زبیر احمد،ریجنل انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل مجاہد شاہ ،سکول کے پرنسپل فرمان خان اور احسان اللہ بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے میرٹ کو بھرتی کے لیے واحد معیار بنا دیا اور اساتذہ کی سوفیصد حاضری کو یقینی بنایا اور طلبہ اور اساتذہ دونوں کے فلاح وبہبود کے لیے ایسے منصوبے شروع کیے جن سے والدین کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہورہا ہے۔

اسی طرح سرکاری سکولوں میں 13 سو سے زیادہ آئی ٹی لیبز بنانے کے ساتھ گیارہ سو سکولوں میں انٹرایکٹیوبورڈ کی تنصیب بھی ہماری حکومت کا کارنامہ ہے جس سے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے آئی ٹی کے میدان میں اعلیٰ نجی تعلیمی اداروں کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔قبل ازیں محمد عاطف خان نے سکول میں قائم آئی ٹی لیب کا باضابطہ افتتاح بھی کیا

متعلقہ عنوان :