خیبر پختونخوا پولیس اپنی لازوال قربانیوں سے ملک کی بہترین فورس بن گئی ہے، امتیاز شاہد قریشی

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

پشاور۔26دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) خیبر پختونخواکے وزیرقانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرکے مکمل با اختیار بنادیا ہے اوریہ فورس اپنی لازوال قربانیوںسے پاکستان کی بہترین فورس بن گئی ہے ۔پولیس فورس نے اپنے جانوں پر کھیل کردہشت گردی اور انتہا پسندی کا کافی حد تک خاتمہ کرکے امن وامان یقینی بنایاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیس ٹریننگ سکول کوہاٹ میں پولیس پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سکول کے پرنسپل محمد جمیل اختر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سکول کی کارکردگی اجاگر کرنے کے علاوہ100سولر پینل کی تنصیب،باؤنڈری وال اورکثیر المقاصد ہال کی تعمیر کا مطالبہ کیا جبکہ اس موقع پروزیر اعلیٰ خیبر پختونخواء کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شاہ محمد خان وزیر، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ضیا ء اللہ بنگش، ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہرشاہ، ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال،پولیس افسران اور جوانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیرقانون نے پولیس کا مورال بلند کرنے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر درانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں خیبر پختونخوا پولیس ناقابل تسخیر بن چکی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی پولیس فورس کی بہتری میںکو ئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے لوگوں کو دن کا چین اور راتوں کی نیند نصیب ہوئی ہے۔امتیاز قریشی نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے جوان اپنے حلف کی پاسداری کریں گے اور وہ باہر جاکر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو عوام کے جان و مال اور آبرو کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :