Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت نے مخالف سیاسی قوتوں کی ہر سازش کو بری طرح ناکام بنادیا ، صوبے کی تعمیر وترقی سمیت معاشرے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی

خیبر پختونخواہ کے وزیرکھیل محمود خان کا شمولیتی تقریب سے خطاب

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) خیبر پختونخواہ کے وزیرکھیل ‘ثقافت‘اثارقدیمہ اور امورنوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے مخالف سیاسی قوتوں کی ہر سازش کو بری طرح ناکام بنادیا ہے اور صوبے کی تعمیر وترقی سمیت معاشرے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلکارئی شاٹکل میں شمولیتی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ شخصیات غلام سر خان‘صالح محمد‘شہزاد‘بختیار خان‘زرا خان‘ابراہیم خان‘محمدزاہد خان اور سیلات عرف سپیندا نے اپنے خاندانوںاور سینکڑوں ساتھیوںسمیت اپنی اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمود خان نے نئے شامل ہونے والے ورکروں کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں اس فیصلے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف حلقہ پی کی84مٹہ سوات میں پاکستان تحریک انصاف ایک مضبوط قوت ثابت ہوگی بلکہ علاقہ کے عوام کی بہتر طور پرخدمت بھی کرسکے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک صوبے کے دوردراز علاقوں کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے یہی وجہ ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکن ہر علاقے سے اپنی سیاسی جماعتوں کو خیر آباد کہتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیںجو ہماری حکومت کی بہتر کارکردگی اور عوامی اعتماد کا منہ بولنا ثبوت ہے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور عملی اقدامات کی بدولت نہ صرف عوامی مسائل بروقت حل ہونا شروع ہوگئے ہیں بلکہ میرٹ کی بالادستی اور حقدار کواس کے حق کی فراہمی بھی ممکن ہوئی ہے۔محمود خان نے کہا کہ سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ تھانے میں غریب آدمی کی بے عزتی نہیں ہوتی‘سرکاری بھرتیاں بکنے کی بجائے اب میرٹ پر ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ثابت کردیا کہ پیسے لیکرپٹواری یا تھانیدار کا تبادلہ یا کوئی بھرتی کی ہے تو اسی دن سیاست چھوڑ دوں گا۔وزیر کھیل نے کہا کہ کمزوریاں اور دشواریاں ضرور ہوگی لیکن تبدیلی کا عہد لئے صحیح سوچ کے ساتھ درست سمت کی جانب ُپرعزم طریقے سے گامزن ہیں محمود خان نے کہا کہ عمران خان جیسے مخلص قائد ہی ہمیں اندھیروں سے نکال لیں گے۔

انہوں نے سپاسنامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے بلکارئی شاٹکل کیلئے 25KVٹرانسفارمر ‘ہینڈ پمپ‘روڈ اور بجلی کے کھمبوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔تقریب میں دوسروں کے علاوہ ضلعی کونسلر زرشید عالم خان‘بہادر خان‘تحصیل نائب ناظم محمد حکیم خان‘پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سعید خان اورعلاقے کے عوام بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :