بینظیر بھٹو کی نویں برسی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے

دو بجے جلسہ عام ہوگا،پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما بعد میں سینٹرل ایگزیکیوٹو کمیٹی کے ممبران، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے وزرات خارجہ کا قلمدان نواز شریف کے پاس ہے خوزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث پاکستان دنیا میں اکیلا ہوتا جا رہا ہے،، نثار احمد کھوڑو کی پریس کانفرنس

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینیئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں برسی کے روز دوپہر ایک بجے شروع ہوگا جس میں پہلے مشاعرہ ہوگا اور دوپہر دو بجے جلسہ عام شروع ہوگا جس میں پہلے پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما بعد میں سینٹرل ایگزیکیوٹو کمیٹی کے ممبران، کو چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے، 5 بج کر 20 منٹ پر محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت پر جلسہ عام ختم کرکے اجتماعی دعا مانگی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رجعت پسند قوتوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنے کی سازش کی اور اس وقت کے حکومت نے دو گھنٹوں کے اندر شہادت کے واقعہ کی جگہ پر تمام شہادتیں مٹادیں اور یہ جواز بنایا کہ ٹریفک کا معاملہ ہے لیکن ہم نے بیرون ملک کے ٹیم سے تفتیش کروائی کیونکہ ملک کے تفتیشی اداروں پر کم بھروسہ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو تلاش قوم کررہی ہے اور عدالت بتائے کہ محترمہ کے قتل مقدمے میں ملزم رٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کو کیسے باہر جانے دیا گیا انہوں نے کہا کہ مشرف نے فوج کا بھانڈا کھول دیا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف پر حملک کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

نثار احمد کھوڑو نے مزید کہا کہ محترمہ کی شہادت کے باعث ملک میں جمہوریت بحال ہوئی اور ہم دنیا کو منہ دکھانے کے قابل ہوئے، پیپلز پارٹی نے پانچ سال حکومت کرکے جمہوریت کو مضبوط کیا اور الیکشن کے بعد اقتدار منتخب نمائندوں کو منتقل کیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طلال چودھری شہباز شریف کو سمجھائیں کہ پنجاب میں خواتین کو کیوں جلایا جاتا ہے اور لوگوں کو صوبہ بدر کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، ہمارے سندھ میں امن ہے، پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر کولیشن حکومت کی ہے، ہم نے ایم آر ڈی تحریک بھی مشترکہ طور پر چلائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزرات خارجہ کا قلمدان نواز شریف کے پاس ہے وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث پاکستان دنیا میں اکیلا ہوتا جا رہا ہے، پاکستان میں دہشگرد ہمیں مار رہے ہیں لیکن اس کے باوجود دنیا میں ہم پر دہشتگردی کے الزامات لگاکر بے گناہ بدنام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقار مہدی، سینیٹرز سعید غنی، عاجز دھامراہ سمیت راشد ربانی، امین شیخ، شکیل میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔