تاریخ گواہ ہے ن لیگ نے ہمیشہ ملکی اداروں کی بجائے خود کو مضبوط کرنے کیلئے غیر جمہوری اقدامات اٹھائے‘محمود الرشید

مسلم لیگ ن نے ہمیشہ حصول اقتدار کیلئے بیوروکریسی کو استعمال کیا، کمیشنر کا نظام لا کر عوام اور بلدیاتی نمائندوں کی توہین کی گئی‘اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

پیر 26 دسمبر 2016 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے ن لیگ نے ہمیشہ ملکی اداروں کی بجائے خود کو مضبوط کرنے کیلئے غیر جمہوری اقدامات اٹھائے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ حصول اقتدار کیلئے بیوروکریسی کو استعمال کیا، انکا کہنا تھا کہ کمیشنر کا نظام لا کر عوام اور بلدیاتی نمائندوں کی توہین کی گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو آرڈیننس کے تحت اختیارات دیئے جانے کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ شریف برادران کا ہمیشہ سے وطیر ہ رہا ہے کہ اسمبلی اور منتخب ممبران کو بائے پاس کر کے اپنے من پسند قوانین کا آرڈیننس کے ذریعے نفاذ کرا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی طرف سے منتخب کردہ بلدیاتی نمائندوں کو ایک سال تک لٹکائے رکھا گیا اور اب جب کہ بلدیاتی انتخابات مکمل ہو گئے ہیں اور اختیارات عوامی نمائندوں کے حوالے کئے جانے کے بجائے ڈپٹی کمشنر ز کو تمام اختیارات دے کر آمریت کی بدترین مثال قائم کی جا رہی ہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت بیوروکریسی کے ذریعے آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ لوگ انکی حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں قوم جانتی ہے مولانا نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے ہر حکمران کو گمراہ اور قوم کے بیوقوف بنایا۔ سڑکوں پر آنے کے سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا تحریک انصاف نے پارلیمنٹ سمیت ہر دروازے پر دستک دی لیکن کہیں انصاف نہیں ملا، ہر ادارے نے گمراہ کیا، حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے، انصاف مانگا تو الٹا عمران خان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ جب انصاف نا پید ہو جائے تو معاشرہ ختم ہو جاتا ہے لیکن تحریک انصاف عوام کو انصاف دلانے اور پا نا مہ زدہ حکمرانوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔