روشنیوں کے شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے والے بہت جلد عوامی عدالت کے کٹہرے میں ہونگے، عبدالحمید بٹ، شاہ جہاں

کراچی کو ملک کا معاشی انجن کا راگ الاپنے والوں نے شہر کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، لیگی رہنمائوں کا مشترکہ بیان

پیر 26 دسمبر 2016 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے میڈیا کوآرڈینیٹر عبد الحمید بٹ، نائب صدر حاجی شاہجہاں، چیئرمین نواز اولکھ، نجیب اللہ نیازی، ندیم اختر آرائیں، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سہیل ندیم جوائنٹ سیکریٹری نور خان اخوندزادہ، خلیل بلوچ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی کو ملک کا معاشی انجن کا راگ الاپنے والوں نے شہر کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا․ قائد اعظم کے شہر کو اقتدار کی سیڑھی کے طور پر استعمال کرنے والے شہر کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے میڈیا کوآرڈینیٹر عبد الحمید بٹ نے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے عوام کو گندگی کے ڈھیروں سے نجات دلانے کے لئے روزانہ تین بار نہ سہی ایک مرتبہ ہی شہر کی گنجان آبادیوں میں تشریف لے آیا کریں․ کراچی میں بلدیاتی اداروں کی موجودگی کے باوجود شہری مسائل جوں کے توں ہیں دو کروڑ کی آباد کے شہر کا کوئی ایک حصہ ایسا نہیں جسے صفائی کی مثال کے طور پر پیش کیا جا سکی․ شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور گٹر ندیاں بن چکے ہیں․ ڈویژنل نائب صدر حاجی شاہجہاں نے کہا کہ کراچی کو معاشی انجن کہنے والے شہر کے مواصلاتی نظام کو نظر انداز کرکے اس شہر اور صوبے کی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں․ چیئرمین نواز اولکھ نے کہا کہ جب تک منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور وسائل نہیں دئے جاتے شہر کراچی سمیت سندھ کے بلدیاتی مسائل حل کرنا ممکن نہیں․ صوبے کے حکمران عوام کے ووٹ کو تقدس کا احترام کریں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں اور اداروں کو اختیارات اور وسائل مہیا کئے جائیں․ چیرمین ندیم اختر آرائیں نے سندھ کی حکمران جماعت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی روشنیاں اور معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شہر کی سڑکیں، گلیاں اور نکاسی آب کے مسائل بلا تاخیر حل کئے جائیں․سندھ کی انتظامیہ سے مایوس سندھ کے سب سے بڑے شہر کے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں۔