کتب خانے کسی بھی قوم کی اخلاقی و معاشرتی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،ڈاکٹر ارشد وہرہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کتب خانے قائم کئے جائیں گے، ڈپٹی میئر کراچی

پیر 26 دسمبر 2016 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ کتب خانے کسی بھی قوم کی اخلاقی و معاشرتی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کتب خانے قائم کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو اپنی رہائش کے قریب ان سے استفادے کی سہولت میسر آسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کے 140 ویں یوم پیدائش پر ملیر زون میں محمد علی جناح لائبریری کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلعی چیئرمین سید نیئررضا، رکن صوبائی اسمبلی ندیم رازی اور یوسی چیئرمین بھی موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ قائد اعظم کی سالگرہ پر یہاں کے مکینوں کیلئے یہ لائبریری ایک بہت بڑا تحفہ ہے، کتابیں زندگی کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور لائبریریوں میں قوموں کا عروج و زوال اور تاریخ محفوظ ہوتی ہے، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے امید ظاہر کی کہ ملیر کے علاقے میں یہ لائبریری نہ صرف اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طالب علموں کو ان کے متعلقہ شعبے میں زیادہ سے زیادہ معلومات اور مہارت کے حصول میں مدد دے گی بلکہ ملیر اور قرب و جوار کے علاقوں میں رہائش پذیر بزرگ شہریوں اور خواتین کو بھی یہاں پر سکون ماحول میں مطالعہ کے مواقع میسر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ شہر کے انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ علمی و ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی بھی ضروری ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنی اہلیت منوانے اور کارہائے نمایاں انجام دینے کا موقع ملے ۔

متعلقہ عنوان :