نیشنل پولیس اکیڈیمی ایک قومی اثاثہ ہے ، اکیڈیمی سے تربیت حاصل کرنے والے ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

پیر 26 دسمبر 2016 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) نیشنل پولیس اکیڈیمی ایک قومی اثاثہ ہے اور اس اکیڈیمی سے تربیت حاصل کرنے والے ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس اکیڈیمی سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں اور دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا وہ نہایت قابلِ تحسین ہے جس کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے پیر کو نیشنل پولیس اکیڈیمی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اکیڈیمی کے کمانڈنٹ کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈیمی کے تمام مسائل کے حل کے لیے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی کیونکہ یہ اکیڈیمی نہ صرف ملک بلکہ بیرونی ممالک کے افسران کی بھی تربیت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے پولیس اکیڈیمی کے لیے مزید زمین الاٹ کرنے کی تجویز پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ یہ اکیڈیمی فعال طریقے سے سونپی جانے والی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہ ہو سکے۔میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ وہ اس اہم قومی ادارے کے تمام تر ترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کریں جن میں سپورٹس کمپلیکس، رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈیمی کے آڈیٹوریم کی فوری تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اکیڈیمی میں پانی کی وافر مقدار کی فراہمی کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔ قبل ازیں نیشنل پولیس اکیڈیمی کے کمانڈنٹ نے اکیڈیمی آمد پر میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا استقبال کیا اور انہیںجاری ترقیاتی کاموں کے علاوہ پولیس اکیڈیمی کے اغراض و مقاصد سے متعلق تفصیلات اور اکیڈیمی کے نامکمل تعمیراتی کاموں سے بھی آگاہ کیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

متعلقہ عنوان :