ملک کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل اور موبائل سروس متاثر ، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا

تکنیکی خرابی بلوچستان اور کراچی میں 4 مقامات پر آپٹک فائبر کے منقطع ہونے کے باعث پیدا ہو ئی ، کراچی میں آپٹک فائبر گلشن حدید اور نوری آباد کے علاقوں میں منقطع ہوئی، بلوچستان میں آپٹک فائبر اوتھل، حب، خضدار اور سوراب کے درمیان منقطع ہوئی،پی ٹی سی ایل حکام

پیر 26 دسمبر 2016 19:20

اسلام آباد/کراچی /کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل اور موبائل سروس متاثر ہو نے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ خرابی کی نوعیت کو جاننے اور سسٹم کی بحالی کے لیے ٹیمیں روانہ ہوچکی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو ملک کے کئی شہروں میںتکنیکی خرابی کے باعث پی ٹی سی ایل اور موبائل سروس متاثر ہو نے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) حکام نے کہا کہ تکنیکی خرابی آپٹک فائبر کے منقطع ہونے کے باعث پیدا ہوئی جو بلوچستان اور کراچی میں 4 مقامات پر منقطع ہوئی۔حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپٹک فائبر گلشن حدید اور نوری آباد کے علاقوں میں منقطع ہوئی، جبکہ بلوچستان میں آپٹک فائبر اوتھل، حب، خضدار اور سوراب کے درمیان منقطع ہوئی۔

(جاری ہے)

پی ٹی سی ایل کے جنرل منیجر کمیونیکیشنز عمران جنجوعہ نے تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی نقص سے ملک کے کئی شہروں میں ڈیٹا سروس متاثر ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ خرابی کی نوعیت کو جاننے اور سسٹم کی بحالی کے لیے ٹیمیں روانہ ہوچکی ہیں، جبکہ چند گھنٹوں میں پی ٹی سی ایل سروس بحال کردی جائے گی۔موبائل فون سروس معطل ہونے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث ’موبائل فون‘ کمپنی موبائل فون سروس متاثر ہوئی۔

متعلقہ عنوان :