میزان بینک کا الصادق کنسلٹنگ کے ساتھ معاہدہ

پیر 26 دسمبر 2016 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں اسلامک فنانس کے مواقع تلاش کرنے کیلئے الصادق کنسلٹنگ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات سے دونوں ممالک میںاسلامک بینکنگ چینل کو فائدہ پہنچا نا ہے۔

معاہدے پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹوآفیسر عرفان صدیقی اور الصادق کنسلٹنگ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر پارٹنر ابراہیم ڈنگ نے میزان بینک ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں کئے۔ معاہدے کے تحت دونوںکمپنیوں نے تحقیق میں تعاون او ر ملک کے سرکاری اور نجی شعبے کے بنیادی ڈھانچے اورترقی کے منصوبوں میں موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھا کر اسلامک فنانس کی ترقی پر کام کرنے کا عزم کیا۔

(جاری ہے)

میزان بینک نے الصادق کنسلٹنگ کے ساتھ اسی طرح کے دیگر منصوبوں میں بھی مالیاتی، ایڈوائزری اور شریعہ خدمات فراہم کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹوآفیسر عرفان صدیقی نے چینی ماہرین اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ہم چین کی پہلی اسلامک فنانس کنسلٹنسی کمپنی الصادق کے ساتھ معاہدے کی کامیابی سے مستقبل میں اسلامک فنانس کے لئے زیادہ مواقع حاصل کرنے کیلئے پرُامید ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس معاہدے سے میزان بینک کے چین اور غیر ملکی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوں گے۔