چھوٹے کاشتکاروں کو سو ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام ہے،اقبال چنڑ

پیر 26 دسمبر 2016 18:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو 100ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا انقلابی اقدام ہے جس سے زراعت کا شعبہ ترقی پائے گا اور کاشتکار خوشحال ہوں گے،زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے زراعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھاد، بیج، زرعی آلات، ٹیوب ویل کے بجلی کے بلز میں کمی جیسی اہم کاوشیں حکومت کی اعلیٰ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے عملی اقدامات سے ہمارا کسان خوشحال ہو گا جس کی محنت سے زمین سونا اگلے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کپاس اور چاول کی فصل خراب ہونے کے باعث ملک بھر میں کسانوں کے لئے 341ارب روپے کا پیکج دیا جس کے تحت 5ہزار روپے فی ایکڑ کاشتکاروں کو دیا گیا۔

ساڑھے 12ایکڑ اراضی کے مالک زمینداروکاشتکار کسان پیکج کے تحت بلاسود زرعی قرضہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے حکومت کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ زرعی سائنسدان اپنی علم ومطالعہ اور تحقیقات سے زراعت کو ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی 70فیصد آبادی زراعت کے شعبہ سے وابستہ ہے اور ملک کی معیشت میں زراعت کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی برآمدات کا 70فیصد حصہ زراعت سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت غذائی کفالت کی ضمانت ہے۔کسان پیکج وزیر اعلیٰ پنجاب کا بہت اہم تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پیکج کے تحت چھوٹے کاشتکار خوشحال ہوں گے اور زراعت منافع بخش شعبہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو سمارٹ فون دیئے جا رہے ہیں جس کی مدد سے وہ بلاسود قرضے حاصل کریں گے نیز جدید زرعی عوامل اور موسمی حالات سے آگاہی حاصل ہو گی۔

متعلقہ عنوان :