Live Updates

احتجاج اور دھرنوں کی دھمکی سے اداروں کو دبا ئو میں نہیں لایا جاسکتا،عوامی عدالت میں ناکامی کے بعد قانونی عدالت سے بھی عمران خان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،دھرنوں اور احتجاج نے عمران خان کی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اصلاح ناممکن نظر آتی ہے

وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرکا بیان

پیر 26 دسمبر 2016 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویدار عمران خان نے سیاست میں محض احتجاج،دھرنے اور غلط بیانی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ آج 2013 ء کے انتخابات کو گزرے تقریباً ساڈھے تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس سارے عرصے میں عمران خان کا اگر کوئی کارنامہ قوم کے سامنے ہے تو وہ صرف اور صرف احتجاج اور دھرناہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ 2013 ء سے اب تک عمران خان اور تحریک انصاف نے متعدد بار ملک کو معاشی اعتبار سے عدم استحکام کا شکار کرنے اور قومی اداروں سے اپنی مرضی کے فیصلے لینے کے لیے دھرنوں اور احتجاج کا سہارا لیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے عمران خان کا یہ طرزعمل آج بھی جاری ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی چند دن قبل اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعدعمران خان نے اعلیٰ عدلیہ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پانامہ لیکس سے متعلق عدلیہ کے فیصلے کو من و عن قبول کرنے کی بات کی تھی لیکن افسوس اس امر کا ہے کہ اب عمران خان دوبارہ احتجاج اور دھرنوں کی بات کر کے قومی اداروں کو دبائو میں لانے کی مذموم اور ناکام کوشش کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کے ادارے خود مختار اور آزاد ہیں اور تمام فیصلے میرٹ پر دے رہے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے میں عمران خان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اس مرتبہ بھی جیت حق اور انصاف کی ہو گی اور وزیر اعظم اور اُن کا خاندان پر عمران خان کی جانب سے لگائے گئے تمام تر الزامات غلط ثابت ہوں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ عوامی عدالت کی طرح قانونی عدالت سے بھی عمران خان کو سخت ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج نے عمران خان کی سیاست کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس میں اصلاح کی گنجائش ناممکن دکھائی دیتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آج ایک طرف پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت کے ساتھ کھیت سے منڈی تک ہزاروں کلومیٹر اعلیٰ معیار کی کارپٹ سڑکیں تیار کی گئی ہیں لیکن افسوس کہ دوسری طرف عمران خان کی ہٹ دھرم سیاست نے خیبر پختونخواہ کی عوام سے اُن کی ترقی و خوشحالی کے تین سنہری سال چھین لیے۔

اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی عوام اور خود تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور 2018 ء کے عام انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت اکثریت سے برسراقتدار آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات