ایبٹ آباد،حساس ادارے کی نشاندہی پر کامرس کالج میں پیپردینے والے دو جعلی امیدوار گرفتار۔ مقدمہ درج

پیر 26 دسمبر 2016 17:50

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء)حساس ادارے کی نشاندہی پر کامرس کالج میں پیپردینے والے دو جعلی امیدوار گرفتار۔ مقدمہ درج۔اس ضمن میں پولیس چوکی جناح آباد کے انچارج اے ایس آئی اخترنے صحافیوں کو بتایاکہ پیر کے روزہزارہ یونیورسٹی کی جانب سے منعقد کئے جانیوالے بی اے سپلیمنٹری امتحانات کے سلسلے میں انگریزی کا پیپرتھا۔

پنجگراں حویلیاں کا رہائشی طاہرولد یوسف جوکہ پاک آرمی میں خدمات سرانجا م دے رہاہے۔ اور آج کل کوئٹہ میں تعینات ہے۔ طاہر نے بھی بی اے انگلش کا پرچہ دینا تھا۔ تاہم طاہر نے اپنی جگہ اپنے بھائی آصف کو بھیج دیا۔ اسی طرح مامون الرشید نامی امیدوار کا بھی پیپرتھا۔ مامون الرشید کی جگہ اس کا قریبی دوست سہیل ولد نیاز سکنہ ترنوائی پیپر دینے میں مصروف تھاکہ حساس ادارے نے کارروائی کرکے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس چوکی جناح آباد میں ملزمان کیخلاف زیر دفعہ 419/420 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ دونوں ملزمان کی جامع تلاشی کے دوران نقل کرنے کیلئے چھوٹے سائز کے گائیڈ اور نوٹس بھی برآمد ہوئے۔جبکہ ہزارہ یونیورسٹی کی جانب سے دونوں امیدواروں کو پانچ سال کیلئے بلیک لسٹ کرنے کیلئے کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔