وفاقی محتسب کی تارکین وطن پاکستانیوں کی پولیس کلیئرنس اور شہریت کی تجدید کیلئے خودکار نظام وضع کرنے کی ہدایت

خودکار نظام وضع کرنے سے نہ صرف مسائل 30 دن میں حل ہوں گے بلکہ مختلف اداروں کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا، حافظ احسان احمد کھوکھر

پیر 26 دسمبر 2016 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب نے تارکین وطن پاکستانیوں کی پولیس کلیئرنس اور پاکستانی شہریت کی تجدید کیلئے متعلقہ اداروں کو خودکار نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریویننس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی متعدد شکایات پر یہ اقدام کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانیوں نے شکایات کی تھیں ان کے ایسے کیسز کئی ماہ سے زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سرکاری اداروں میں خودکار نظام وضع کرنے سے نہ صرف تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل 30 دن میں حل ہوں گے بلکہ مختلف وفاقی سرکاری اداروں کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پولیس کلیئرنس اور پاکستانی شہریت کی تجدید سے متعلق زیر التواء کیسز کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو اس حوالہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ سے متعلق 4 ہفتوں میں جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :