قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ایک بار پھر سے پش اپس کی گونج سے لرز اٹھا،حکومتی رکن کا پش اپس معاملے کو ایجنڈے میں نہ رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار،چیرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پش اپس معاملے کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی

کمیٹی رکن سردار شفقت حیات بلوچ نے یوتھ ایکسچینج پروگرام میں عمر کی حد 29 سال سے کم کر کے 25 سال کرنے کی تجویز دے دی رانا افضل نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو پیمرا کو خط لکھنے کا مشورہ بھی دے دیا

پیر 26 دسمبر 2016 17:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ایک بار پھر سے پش اپس کی گونج سے لرز اٹھا، حکومتی رکن کا پش اپس معاملے کو ایجنڈے میں نہ رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار، چیرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پش اپس معاملے کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔کمیٹی رکن سردار شفقت حیات بلوچ نے یوتھ ایکسچینج پروگرام میں عمر کی حد 29 سال سے کم کر کے 25 سال کرنے کی تجویز دے دی، جبکہ رانا افضل نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو پیمرا کو خط لکھنے کا مشورہ بھی دے دیا تاکہ پیمرا تعلیم و تربیت کو بھی ٹی وی چینلز پر وقت دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ اجلاس چئیرمین کمیٹی عبدالکہار وڈان کی زیر صدارت شروع ہوا جبکہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیر زادہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا افضل نے اجلاس میں پش اپس کا معاملہ پھر اٹھا لیا، رانا افضل نے کہا کہ پش اپس والا معاملہ ایجنڈے پر کیوں نہیں رکھا گیا،تاثر دیا گیا کہ پش اپس پر اعتراض فوج کی وجہ سے کر رہے ہیں جبکہ پش اپس والے معاملے پر میڈیا نے بہت جھوٹ بولا اور ایجنڈے میں یہ معاملہ نہ ہونے کی وجہ سے میڈیا ایشو بنائے گا کہ پش اپس والا معاملہ ایجنڈے میں ہے ہی نہیں۔

رانا افضل نے مزید کہا کہ عمران خان نے بھی اسی لئے پش اپس لگا دئیے تھے، پش اپس کے معاملے کی وضاحت ہو نی چاہیئے ورنہ کمیٹی کی بدنامی ہو گی، اب تو لوگ مجھے رانا افضل پش اپس والا کہہ کر پکارتے ہیں، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیر زادہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پش اپس معاملے کی وضاحت نجم سیٹھی نے سینٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میںکر دی تھی،نجم سیٹھی نے سینٹ میں اپنا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑی پش اپس لگا کر صرف خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور پش اپس کے معاملے کو کوئی غلط رنگ نہ دے۔

چئیرمین کمیٹی عبدالکہار وڈان نے رکن قومی اسمبلی رانا افضل کی جانب سے پش اپس معاملے کو ایجنڈے میں شامل نہ ہونے پر آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ حکومتی رکن قومی اسمبلی سردار شفقت حیات بلوچ نے یوتھ ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے کہا کہ دہشتگردی کے مسئلے سے قبل ہی وفد باہر جانا کم ہو گئے تھے، غیر ملکی وزٹ میں کمی دہشتگردی وجہ سے نہیں ہوئی، یوتھ ایکسچینج پروگرام میں عمر کی حد 22 سے 29 سال ہے جسے کم کر کے 18 سے 25 سال کی جائے تاکہ بیرون ملک رک جانے کا امکان کم ہوجائے کیوں کہ یہاں سے سینکڑوں بچے باہر جاتے تھے ان میں سے کچھ وہیں رہ جاتے ہیں جس سے ملک کی بد نامی ہوتی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا افضل نے اجلاس میں تعلیم و تربیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا لائیسنس میں شرط ہے کہ چینلز 20 فیصد نشریات تعلیم کو دی جائے گی،پیمرا ٹی وی چینلز کو پابند کرے کہ وہ تعلیم کو وقت دیں، رانا افضل نے مزید کہا کہ ٹی وی چینلز صرف پیسے کما رہے ہیں،بین الصوبائی رابطہ پیمرا کو خط لکھے کہ تعلیم و تربیت کو بھی ٹی وی چینلز پر وقت دیا جائے، میڈیا 10 گھنٹے تعلیم اور تربیت کو دے ،ٹی وی چینلز تعلیم کو وقت دے کر احسان نہیں کریں گے انکا پیمرا کے ساتھ معاہدہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حسن رضا

متعلقہ عنوان :