ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے،آرمی چیف

دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔ دشمنوں کی سازش کے شکار ناسمجھوں کے لئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔نفرت اور دہشتگردی پھیلانے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، بلوچستان کے نوجوان ملک کے دفاع میں کسی سے کم نہیں ہیں،جنرل قمر جاوید باجوہ کا بلوچ ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب

پیر 26 دسمبر 2016 17:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے ۔ فخر ہے کہ بلوچ نوجوان ملک کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں ۔ دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔ دشمنوں کی سازش کے شکار ناسمجھوں کے لئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ سی پیک کی بروقت تکمیل سے خطے میں ترقی کے دروازے کھلیں گے ۔

نفرت اور دہشتگردی پھیلانے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔ پیر کے روز کوئٹہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستا ن کے غیور عوام کی تقریب میں شرکت کرنے پر خوشی ہے آرمی چیف کی کمان سنبھالنے کے بعد میرا بلوچستان کا تیسرا دورہ ہے بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے اور مجھے بلوچی کہلوانے پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

پاس آئوٹ ہونے والوں میں پولیس اور ایف سی کے دستے بھی شامل ہیں۔ ملک کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے ۔ پاکستان ہمارا گھر ، قبیلہ اور ملک ہے ۔آپ ملک کی حرمت کے رکھوالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ا ور سیکیورٹی ادارے قومی یکجہتی کے ضامن اور علامت ہے بلوچستان کے نوجوان ملک کے دفاع میں کسی سے کم نہیں ہیں آج بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں ۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا بڑا اور انتہائی اہم حصہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے پناہ وسائل اور عوام کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے ۔ بلوچستان میں امن و امان کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے پاک فوج سکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فوج صوبے میں تعلیمی اور معاشرتی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

بلوچستان کا مستقبل انشاء اللہ روشن ہے ۔اقتصادی راہداری روشن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے ۔ سی پیک کی بروقت تکمیل سے خطے کو ترقی کی راہ پر ڈال دے گی ۔ بلوچستان کی ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہے بلوچستان کے بھائیوں کو یقین ہے کہ ان کی خوشحالی کی منزل قریب ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ بلوچستان کی عوام نے ملک دشمن عناصر کو مسترد کر چکے ہیں ۔ دہشتگرد اور ان کے ہاتھوں میں استعمال ہونے والے عناصر اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں دشمنوں کی سازشوں کے شکار ناسمجھوں کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے۔ہمارے دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف نے پاک فوج کے بلوچ ریکروٹس کی پائوسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی ۔ آرمی چیف نے اعزازی چھڑی ریکروٹ عرفان علی کو دی اور کمانڈر سدرن کمانڈ کا طلائی تمغہ ریکروٹ لیاقت علی کو دیا ۔ (جاوید)