ضلع میں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں‘ڈی سی او اٹک

پیر 26 دسمبر 2016 16:48

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی او آفس اٹک میں ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ای ڈی او ایجوکیشن عبدالشکور انجم ، ڈی ایم او فاروق اکمل کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ضلع بھر کی تحصیلوں کے تعلیمی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بریف کرتے ہوئے ای ڈی او ایجوکیشن اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں وزیر اعلیٰ روڈ میپ کے تحت انقلابی تعلیمی اقدامات جارے ہیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ افسران اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلعی تعلیمی اداروں میں سہولیات کے فقدان کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ تمام سکولوں میں سہولیات کی کمی کو جلد از جلد منتخب نمائندوں کی مدد سے پورا کیا جائے گاتاکہ طلبا و طالبات کو تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس میں ڈی سی او رانا اکبر حیات نے بجٹ کے حوالے سے بھی اقدامات کا جائزہ لیا اور اس بات کی ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والا بجٹ طلبہ کی فلاح و بہبود ، نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر خرچ ہونا چاہئے تاکہ تعلیمی اداروں میں تعمیری فضا ء پروان چڑھ سکے۔