نواز شریف کا عوامی نمائندوں کیلئے پیغام ہے کہ عوام کے مسائل معلوم کر یں، حل کیلئے دن رات کوشاں رہیں،عبدالخالق وصی

مختصر کابینہ، غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن ،این ٹی ایس کا نفاذ اور مالیاتی بحران کا خاتمہ اہم کارنامے ہیں ، رکن کشمیر کونسل

پیر 26 دسمبر 2016 16:48

راولاکوٹ/ٹائیں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) نو منتخب ممبرکشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی ؔ نے کہا ہے وسائل کی منصفانہ بنیادوں پر تقسیم مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے قائد پاکستان محمد نواز شریف کا عوامی نمائندوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ عوام کیساتھ رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل معلوم کر یں اوران کے حل کیلئے دن رات کوشاں رہیں۔

گزشتہ روزان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی گائوں راولاکوٹ ٹائیں میں منعقدہ تقریب اور ممبر جموں وکشمیر کونسل منتخب ہونے کے بعد اپنے حلقہ میں پہلی بار آمد پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہمحمد نواز شریف نے مجھ جیسے ادنیٰ کارکن کو آزاد جموں وکشمیر کونسل کا ٹکٹ جاری کیا جس کیلئے میں ان کا ممنون و مشکور ہوں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ(ن) میں فیصلے میرٹ کی بنیاد پر ہوتے ہیں اس سے قبل آزاد کشمیر میں کونسل کے ٹکٹ کیلئے کروڑوں روپے کی بولیاں لگتی رہیں لیکن محمد نواز شریف نے میرٹ پر ٹکٹ جاری کرکے آزاد کشمیر میں میرٹ و انصاف کیلئے بنیاد رکھ دی اور اس کا تمام تر کریڈٹ بھی محمد نواز شریف، راجہ محمد فاروق حیدر خان، سینیٹرپرویز رشید، چوہدری محمد برجیس طاہر اور ڈاکٹر آصف کرمانی کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مختصر کابینہ، غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن کا قیام ،این ٹی ایس کا نفاذ اور آزاد کشمیر کو مالیاتی بحران سے نکالنے نکالنے کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں آزاد کشمیر کے معاملے کو اٹھانا وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے اہم کارنامے ہیں اور سب سے بڑا کارنامہ مختصر مدت میں آزاد کشمیر کے غیور لوگوں کے عزت نفس کی بحالی ہے۔

تقریب سے سابق وزیر حکومت سردار سیاب خالد، مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی رابطہ سیکرٹری ذوالفقار علی ملک،اعجاز یوسف،ارشدنیازی،سردار ریاض روشن ،خان بہادر عبداللہ، سردار عاشق حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سحر بازار ٹائیں سے متصل ماڈل کالج میں منعقدہ اس تقریب میں سردار سجاد، راجہ حمزہ شیر افگن، راجہ رفاقت، سردار اشفاق، سردار بابر خان، احسان ظفر، سردار مقصود، ہمایوں صادق، جاوید اشرف، راجہ نوید اور دیگر مسلم لیگی و دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں کے علاوہ عوام علاقہ اور خواتین کی بھی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

اس سے قبل سردار عبدالخالق وصی اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ ڈھلکوٹ پل پر پہنچے تو سابق وزیر حکومت سردار سیاب خالد، ضلع پونچھ کے صدر سردار اعجاز اور مسلم لیگ(ن) کے دیگر مرکزی عہدیداران کی قیادت میں علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات ، مسلم لیگی اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں اور عوام علاقہ نے شاندار استقبال کیا۔ فضا میاں محمد نواز شریف، راجہ محمد فاروق حیدر خان، پرویز رشید، آصف کرمانی، برجیس طاہر اور دیگر مسلم لیگی قائدین کے نعروں سے گونج اٹھی، نومنتخب ممبر اسمبلی اور دیگر معزز مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں۔

نو منتخب ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل کو ڈھلکوٹ پل سے ایک بہت بڑ ے جلوس کی شکل میں سینکڑوں گاڑیوں کے ہمراہ سحر بازار ٹائیں متصل ماڈل کالج جلسہ گاہ تک لایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالخالق وصی ؔ نے اپنے استقبال کیلئے آئے عوام اور سینکڑوں کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل منتخب ہونے پر جس طرح تمام مکتبہ فکر اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے علاوہ ہر پیرو جواں ، بچوں اور خواتین نے اپنی محبت اور شفقت کا اظہار کیا ہے اس کیلئے میں ان کا ممنون احسان ہوں اور میرے پاس ن کے شکریہ کیلئے الفاظ نہیں ہیں میں کوشش کرونگا کہ ان کی توقعات پر پورا اتر سکوں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کے ویژن کو سراہتے کہا کہ ہم محمد نواز شریف ، راجہ محمد فاروق حیدر خان ، سینیٹر پرویز رشیداور ڈاکٹرآصف کرمانی کے شکر گذار ہیںکہ جنہوں نے سردار عبدالخالق وصی جیسے ایک سفید پوش کارکن کو میرٹ پر ٹکٹ جاری کیا۔ مقررین نے کہا کہ NFCایوارڈ کا معاملہ ہو یا مسئلہ کشمیر مسلم لیگ(ن) اور وزیراعظم پاکستان محمد نوا زشریف نے ہمیشہ کشمیریوں کی کھلے دل سے مدد و حمایت کی اس کے برعکس پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومتوں نے اپنے مفادات کو عزیز رکھا اور NFCایوار ڈ کے معاملے میں آزاد کشمیر کی مخالفت کرتے ہوئے کشمیر دشمنی کا ثبوت دیا۔

مقررین نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مختصرمدت میں آزاد کشمیر کے تبا ہ حال نظام کو درست سمت گامزن کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :