عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر گول کردیا ہے، چوہدری شاہ نواز رانجھا

پیر 26 دسمبر 2016 15:12

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر چوہدری شاہ نواز رانجھا نے کہاہے کہ اپوزیشن کے غیر فطری اتحاد کو ضلع سرگودھا کی عوام نے پاش پاش کردیا، بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ میں شاندار کامیابی 2018 کے الیکشن کا ٹریلر ہے، منفی سیاست کرنے والوں کا عوام نے بوریا بستر گول کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارضلعی سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ 2013 میں عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کررہے ہیں، ہم وعدوں کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات اُٹھاتے ہیں، سرگودھا شہر کے میئر اور ضلع کونسل کے انتخابات میں تاریخ ساز فتح عوام کا مسلم لیگ (ن)کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے 2018 کے انتخابات کے لئے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، انشاء اللہ 2018 کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن)اپنی کارکردگی کی بدولت کامیابی حاصل کرے گی، اس موقع پر ، ملک رب نواز فروکہ ، مہر محمد عثمان، چوہدری ذوالفقار احمد مارتھ ، خالد مسعود رانجھا، رانا محمد اسلم و دیگر بھی موجود تھے۔