سیاست برائے حکومت نہیں بلکہ سیاست برائے خدمت کر رہے ہیں‘سردار شفیق انقلابی

پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کر کے اعلیٰ شہرت کے حامل شخصیت کی سربراہی میں نیا کمیشن تشکیل دے کر گڈ گورننس کے انتخابی وعدہ کی پاسداری کی گئی

پیر 26 دسمبر 2016 14:58

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما سردار شفیق انقلابی نے کہا ہے کہ بہتر طرز حکمرانی کے نتیجہ میں پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کر کے اعلیٰ شہرت کے حامل شخصیت کی سربراہی میں نیا کمیشن تشکیل دے کر گڈ گورننس کے انتخابی وعدہ کی پاسداری کی گئی ہے ۔سابق دور حکومت میں کمیشن کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ۔

سیاست برائے حکومت نہیں بلکہ سیاست برائے خدمت کر رہے ہیں ۔NTSکے نفاز اور کمیشن کی تشکیل نو سے سابق حکومت کا کرپٹ اور ظالمانہ نظام سیاست تبدیل کر کے رکھ دیا ہے ۔موجودہ حکومت نے کرپشن اور میرٹ کی پامالی کے خلاف اعلان جہاد کر رکھا ہے ۔خطہ کی ترقی کے لیے ویژن لے کر نکلے ہیں ۔سابق دور میں سرکاری وسائل کو اپنی جاگیر سمجھ کر ان کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آج ریاست کے اندر واضع کردہ اصولوں کی پاسداری کی جارہی ہے ۔وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حید ر خان کی سوچ اور لگن سے اداروں کی تشکیل نو کر کے تعلیم یافتہ اور معیار پر پورا اترنے والے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنا دیا گیا ہے ۔انصاف پر مبنی معاشرہ ہی خطہ کی ترقی کا ضامن ہوسکتا ہے ۔میاں برادران کے ویژن سے آج مزدور بھی بیس روپے میں اے سی والی گاڑیوں میں سفر کر کے منزل تک پہنچ رہا ہے ۔

الزام تراشی کی خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ۔دھرنے والوں کی منفی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیاہے دوسروںپر بے جا کیچڑ اچھالنے والے اپنے ہی ہاتھ گندے کر رہے ہیں ۔سڑکوں پر تماشہ لگا کر ترقی کا راستہ روکنے والے کون سی ملکی خدمت کر رہے ہیں ۔گوادر کی تکمیل سے منظر نامہ بدل رہا ہے پاکستان کو خشک کرنے کے بھارتی عزائم عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں ۔

بھارتی جنگی جنون سے جنوب ایشیا ء کے امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ مضبوط ومستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ۔انھوں نے کہا کہ کمیشن تشکیل نو تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے ہوا کا ایک جھونکا ہے ۔کرپشن اور میرٹ کی پامالی کو جڑ سے اکھاڑ کر نوجونواں کے مستقبل کو محفوظ ہاتھوں میں دے دیا گیا ہے ۔

الیکشن میں گڈ گورننس کے نعرہ سے ریاستی عوام نے جو بھاری مینڈیٹ دیا ہے اس پر وزیر پاکستان کے دورہ مظفرآباد کے موقع پر دیے جانیوالے تاریخی پیکج سے ریاستی عوام کو بڑا ریلیف دیا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن پر بسنے والے متاثرین کے لیے آٹاکی 50%سبسڈی دے کر گڈ گورننس کے وعدے کی تکمیل کی ہے حکومت نے مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 14000روپے مقرر کر کے غریب کے بنیادی مسئلہ پر توجہ دی ہے ۔

آزادکشمیر میں ادروں کی بہتری کے لیے اٹھاے جانیوالے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔سی پیک میں روس کی شمولیت سے بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔بھارتی آبی جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان کے ترقی کے ویژن کی بدولت 2018کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن دوبارہ حکومت بنائے گی ۔مسلم لیگ (ن)ملکی بقاء کے لیے کمر بستہ ہے ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کے نظریات و افکار پر عمل پیراہوکرہم ترقی کی مزید منازل طے کرسکتے ہیں۔