مدارس دینیہ کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، نوازشریف اور شہباز شریف اپنے پیش رو حکمرانوں سے عبرت حاصل کریں، مدارس دینیہ اسلام کے مراکز اور ملک کی بقا و استحکام کے لئے واحد ضمانت ہیں، کوئی میرا ساتھ دے یا نہ دے میں اکیلے سر پر کفن باندھ کر مدارس کی دفاع کی جدوجہد جاری رکھوں گا

جمعیت علما اسلام کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کاتقریب سے خطاب

پیر 26 دسمبر 2016 14:24

مدارس دینیہ کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، نوازشریف اور شہباز ..
بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) جمعیت علماء اسلام کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ مدارس دینیہ کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ نوازشریف اور شہباز شریف اپنے پیش رو حکمرانوں سے عبرت حاصل کریں۔ مدارس دینیہ اسلام کے مراکز اور ملک کی بقا و استحکام کے لئے واحد ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی میرا ساتھ دے یا نہ دے میں اکیلے سر پر کفن باندھ کر مدارس کی دفاع کی جدوجہد جاری رکھوں گا۔وہ بہاولپور کے بڑے مدارس جامعہ نظامیہ ‘ جامعہ عباسیہ‘ جامعہ علوم قدسیہ‘ اور جامعہ مدنیہ اور جامعہ عبداللہ ابن عباس میں طلبا سے اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔ مولانا سمیع الحق نے مدارس کے مہتممین کی خواہش اور مطالبہ پر تمام مدارس میں درس حدیث دیا‘ او رطلباء کو اپنے اکابر سے حاصل کی گئی سند حدیث کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے قیمتی اوقات کا خیال رکھ کر اپنے آپ کو قرآن و حدیث کے علم سے لیس کرکے کفری دنیا کو دلیل سے قائل کرنے کی تیاری کریں۔کفری قوتوں کا راستہ آپ نے روکنا ہے‘ آپ کا مستقبل روشن اور تابناک ہے‘ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ سیاستدانوں او رحکمرانوں سے قوم مایوس ہے آ پ ہی نے اس ملک کو بچانا اور مستحکم کرنا ہے ‘ مدارس کے اس دورہ میں جمعیت علماء اسلا م پنجاب کے امیر مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی ‘ جمعیت کے پی کے کے امیر مولانا سید محمد یوسف شاہ‘ مرکزی نائب امیر مولانا عبدالخالق ہزاروی‘ اورضلعی امیر مولانا شمس الدین انصاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

جامعہ نظامیہ کے مہتمم مولانا شمس الدین انصاری جامعہ عباسیہ کے مہتمم مولانا جمیل الرحمن عباسی‘ جامعہ علوم قدسیہ کے مہتمم مولانا عبداللہ صاحب‘ جامعہ مدینہ کے مولانا عطا الرحمن صاحب‘ مولانا سہیل ‘ اور دیگر منتظمین نے مولانا سمیع الحق کو یقین دلایا کہ وہ آپ کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام کے پرچم تلے مدارس کے دفاع کیلئے آپ کے ساتھ شانبہ بشانہ کھڑے ہوکرکے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

مولاناسمیع الحق نے کہاکہ جمعیت علما اسلام ایک نظریاتی جماعت ہے۔اور ہمیشہ نظریاتی سیاست کو ترجیح دی ہے‘ جمعیت مفاداتی اور حصول اقتدار کی سیاست پر لعنت بھیجتی ہے حضرت درخواستی اور دیگر اکابرین جس مشن پر ہمیں چلایا تھا اسے پورا کرکے دم لیں گے‘ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ افغانستان میں روس اور امریکہ کی شکست آپ ہی کی جمعیت کی جدوجہد کا نتیجہ ہے ‘ آپ جمعیت کے پیغام کو گھر گھر پہنچا کر اپنے آپ کو منظم کریںاور قوم پر انے والی کفری سیلاب کو بند باندھے۔