پاکستان ، آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی بار بار مداخلت کے باعث قبل از وقت ختم کردیا گیا

پہلے روز صرف 50.5اوورز کا کھیل ہو سکا ،پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر142رنز بنائے

پیر 26 دسمبر 2016 14:18

میبلورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی بار بار مداخلت کے باعث قبل از وقت ختم کردیا گیا ،پہلے روز صرف 50.5اوورز کا کھیل ہو سکا جس میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر142رنز بنائے ،آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے دو،نیتھن لیون اورہیزل ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل گرین شرٹس کے قائد مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوسکا ۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم18کے اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب سمیع اسلم 9 رنز پرناتھن لیون کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھما بیٹھے اور انہیں پویلین واپس لوٹنا پڑا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم سکور کا مجموعہ 60 تک لے کر پہنچی ہی تھی کہ پاکستان کو بابر اعظم کی صورت میں دوسرا نقصان اٹھایا پڑا جو 23 رنز بناکر ہیلز وڈ کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوگئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد سینئر بلے باز یونس خان اور اظہر علی نے محتاط انداز کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اوردونوں کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی ۔ اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے نہ صرف اپنی ففٹی مکمل کی بلکہ رواں برس ٹیسٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ مجموعی سکور 111 پر یونس خان جیکسن برڈ کی اندر آتی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز اسکور کئے۔

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے ناتھن لیون کو چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا لیکن 11 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی جیکسن برڈ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کیچ آئوٹ ہو گئے، میڈنسن نے ڈائیو لگا کر ان کا شاندار کیچ تھاما۔ پاکستان نے 50.5 اوورز میں 142 رنز اسکور کئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک کر چائے کا وقفہ لے لیا گیا تاہم کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے دو جب کہ ہیزل وڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔قومی ٹیم میں راحت علی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔آسٹریلین ٹیم میں سمتھ، برڈ، کارٹ رائٹ، ہینڈزکومب، ہیزلوڈ، خواجہ، لیون، میڈنسن، رینشو، سیئرز، مچل سٹارک، ویڈ، وارنر جبکہ پاکستانی ٹیم اظہر علی، سمیع اسلم، بابر اعظم، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، سرفراز احمد، سہیل خان، محمد عامر، وہاب ریاض، یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔