بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ،سی پیک کی بروقت تکمیل خطے کو ترقی کے نئے دور میں داخل کریگی ، آرمی چیف

بلوچ عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کرچکے ہیں،ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنیوالے بھائیوں کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں،جنرل قمر جاوید باجوہ میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے ، خود کو بلوچی کہلانے پر فخر ہوتا ہے ،پاک فوج قومی یکجہتی کی مظہر ہے،بلوچستان کے نوجوان ملکی دفاع میں کسی سے کم نہیں،کوئٹہ میں بلوچستان ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب

پیر 26 دسمبر 2016 14:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،سی پیک کی بروقت تکمیل خطے کو ترقی کے نئے دور میں داخل کرے گی،بلوچ عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کرچکے ہیں،ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنیوالے بھائیوں کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے ، خود کو بلوچی کہلانے پر فخر ہوتا ہے ،پاک فوج قومی یکجہتی کی مظہر ہے،بلوچستان کے نوجوان ملکی دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں۔

کوئٹہ میں بلوچستان ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اسی لئے دشمن بلوچستان کی ترقی اور روشن مستقبل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں اور صوبے میں بدامنی پھیلا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا بڑا اور اہم صوبہ ہے، اللہ نے صوبے کو بے پناہ وسائل اور یہاں کے عوام کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام دشمن کی چالوں کوسمجھ گئے ہیں، وہ ملک دشمن عناصر کو مسترد کرچکے ہیں،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نفرت پھیلانے والے چند لوگ جلد ختم ہو جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنیوالے بھائیوں کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے بہت کم لوگوں کو پتہ ہے کہ میرا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے اور آرمی میں مجھے بلوچی کہلانے پر فخر محسوس کرتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان اور ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہے،سی پیک کی بروقت تکمیل خطے کو ترقی کے نئے دور میں داخل کریگی جس کیلئے پاک فوج دن رات کوشاں ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کے مستقبل روشن ہیں ،اقتصادی راہداری سے بلوچ نوجوانوں کو نوکریاںملیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس سلسلے میں پاک فوج کیساتھ تعاون کر رہی ہے جبکہ پاک فوج کو دیگر سیکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کا بھی بھر پور تعاون حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں ،آج یہاں کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں، آرمی چیف نے کہا کہ بلوچ بھائیوں کی ترقی کی منزل اب حقیقت بن چکی ہے ،آنیوالے وقتوں میں بلوچستان کے وسائل سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوںنے کہا کہ آج بلوچستان کے عوام کی خوشی اور کامیابی میں شریک ہوں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج قومی یکجہتی کی مظہر ہے، پاک فوج میں تمام صوبوں کی نمائندگی ان کی آبادی کے تناسب سے ہے،بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو فوج، ایف سی ، پولیس اور دیگر اداروں میں شامل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ریکروٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپاہیو جس شعبے کا انتخاب آپ نے کیا ہے ،یہ صرف باوقار ہی نہیں بلکہ عبادت بھی ہے ،اگر آپ عبادت کی قدر کریں گے تو آنیوالے چیلنجز کا سامنا با آسانی کر سکیں گے اور بلوچستان میں امن برقرار رکھنے میں بھی کامیاب ہونگے ،پاکستان ہمارا گھر ،قبیلہ اور ملک ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ آج کادن پاکستانیوں کیلئے بھی خوشی کا دن ہے کیونکہ بہادر او ر باہمت بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس جذبے سے سرشار ہیں کہ جان کی قربانی دے کر وطن کی حفاظت کریں گے ۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا، پاسنگ آئوٹ پریڈ میں اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔چیف آرمی سٹاف کی اعزازی چھڑی ریکروٹ عرفان علی کو دی گئی جبکہ کمانڈر سدرن کمانڈ کا طلائی تمغہ ریکروٹ لیاقت علی کو دیا گیا۔