باکسنگ ڈے ٹیسٹ ، پاکستانی بیٹنگ لائن کے سپوت مصباح اور یونس ایک بار پھر ناکام

بارش سے متاثرہ پہلے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنا لئے پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 23،یونس خان21،سمیع اسلم9اور مصباح الحق 11رنز بنا کر آئوٹ اظہر علی66اور اسد شفیق 4رنز بنا کر ناقابل شکست،جیکسن برڈ کی 2،ناتھن لیوئن اور ہیزل ووڈ کی ایک ایک وکٹ

پیر 26 دسمبر 2016 13:58

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) میلبورن ٹیسٹ کے بارش سے متاثرہ پہلے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنا لئے ہیں،بارش کی وجہ سے کھیل قبل ازوقت ختم کر دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 23،یونس خان21،سمیع اسلم9اور مصباح الحق 11رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ اظہر علی66اور اسد شفیق 4رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے 2،ناتھن لیوئن اور ہیزل ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم 18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 9 رنز بنا کر ناتھن لیوئن کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھما بیٹھے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم بھی 23 کے انفرادی اسکور پر ہیلز وڈ کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوئے۔ اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے نہ صرف اپنی ففٹی مکمل کی بلکہ رواں برس ٹیسٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ قومی ٹیم کا سکور 111 رنز پر پہنچا تو یونس خان جیکسن برڈ کی اندر آتی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز اسکور کئے، یونس اور اظہر کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے ناتھن لیون کو چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا لیکن 11 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی جیکسن برڈ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کیچ آئوٹ ہو گئے، میڈنسن نے ڈائیو لگا کر ان کا شاندار کیچ تھاما۔ پاکستان نے 50.5 اوورز میں 142 رنز اسکور کئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک کر چائے کا وقفہ لے لیا گیا تاہم کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے 2 جب کہ ہیزل وڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ راحت علی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔