اسلام آباد جنز کے کھلاڑیوں نے چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا، کاشف خواجہ

پیر 26 دسمبر 2016 12:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ جیتنے والی اسلام آباد جنز کی ٹیم کے کپتان کاشف خواجہ نے کہا ہے کہ ٹیم نے اس سیزن میں انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے لیگ جیتنے میں کامیاب ہوئے، اسلام آباد کے کوچ یحییٰ بھٹی نے ٹیم پر بہت محنت کی اور ینگ لڑکوں نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

آرمی ایک مضبوط ٹیم تھی ان کو ایک بار ہرانا اور دوسری بار ان کے برابر کھیلنا اسلام آباد جنزکیلئے بہت خوش آئند بات ہے۔ اسلام آباد جنز کے کوچ اور پاکستان رگبی یونین کے وائس پریذیڈنٹ یحییٰ بھٹی نے کہا کہ انہیں بہت زیادہ خوشی ہے کہ ٹیم نے بہت محنت کی اور پوری لیگ میں ناقابل شکست رہی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد جنز کی ٹیم نے پریمیئر لیگ میں آٹھ میچز کھیلے جن میں سے سات جیتے اور ایک میچ برابر کھیلا جبکہ آرمی کی ٹیم اسلام آباد سے ایک میچ ہار کر لیگ ہی ہار گئی۔

(جاری ہے)

یحییٰ بھٹی نے پاکستان رگبی یونین کے صدر فوزی خواجہ، سیکرٹری عارف سعید، ہیڈ کوچ شکیل ملک، رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی شب و روز محنت کے بعد لیگ کامیاب ہوئی۔ اسلام آباد ٹیم کے سینئر رکن ساحر اسلم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جنز کی جیت کسی ایک کھلاڑی کی مرہون منت نہیں یہ تمام ٹیم کی محنت ہے۔ ہم ایک ٹیم ہو کر کھیلے اسی وجہ سے کامیاب رہے۔ امید ہے کہ نئے کھلاڑی اور زیادہ آگے آئیں گے اور اگلے سال لیگ میں پھر کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے بھی سپانسرز سروس ٹائرز اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔