پریزیڈنٹ گولڈ کپ سکواش ٹورنامنٹ 30 دسمبر سے شروع ہوگا

پیر 26 دسمبر 2016 12:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء)پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام پریزیڈنٹ گولڈ کپ سکواش ٹورنامنٹ 30 دسمبر سے مصحف سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ گذشتہ روز پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن عامر نواز نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، ایونٹ میں 48 ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ٹورنامنٹ کے پری کوالیفائنگ رائونڈ 30 دسمبر سے شروع ہوگا، کوالیفائنگ رائونڈ یکم اور2 دسمبر، مین رائونڈ 3 دسمبر ، کوارٹر فائنل مقابلے 4 دسمبر، سیمی فائنل مقابلے 5 دسمبر جبکہ فائنل 6 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد 31 دسمبر سے شروع ہوگی، ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 25 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ رواں سال 25 ہزار ڈالر انعامی رقم والے تین ٹورنامنٹس کا انعقاد کامیابی سے ہوا جس میں چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ، چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ اور چیف آف ایئرسٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ شامل تھے، انہوں نے کہا کہ اب رواں سال کا چوتھا ٹورنامنٹ 30 دسمبر سے شروع ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو بہترین سیکورٹی فراہم کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ برس چھ سے آٹھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے۔