مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا تہوار جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا

اتوار 25 دسمبر 2016 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) مسیحی برادری نے اتوار کو اپنا تہوار کرسمس مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔کرسمس کی مناسبت سے خصوصی عبادات کا آغاز گرجا گھروں میں ہفتہ کی شب سے ہو گیا تھا اور دعائیہ تقریبات اتوار کی شام تک جاری رہیں جس میں مسیحی برادری کے پیشوا حضرت عیسی کی پر امن تعلیمات کا درس دیتے رہے۔ تقریبات میں خصوصی مذہبی گیت گائے گئے اور ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے علاقے خوبصورت اور خوشنما منظر پیش کرتے رہے ،کیک بھی کاٹے گئے اورسانتا کلاز نے بچوں نے تحائف تقسیم کیے۔مسیحی برادری کے افراد نے گھروں میں کرسمس ٹری کو دلفریب انداز میں آرائشی سازو سامان سے سجایا اور خصوصی تقریبات کا بھی انعقاد کیا،بچوں کو عیدی بھی دی گئی اور مسیحی برادری کے افراد نے رشتہ داروں کے گھر جا کر کرسمس کی مبارک باد دی اور تحائف کا تبادلہ ہوا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گرجا گھروں میں عبادات کا آغاز موم بتیاں اور دیے روشن کرکے ہوا اور دیگر مذہبی رسومات ادا کی گئیں۔کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری خصوصا خواتین ، بچوں اور نوجوانوں میں زبردست جوش و خروش پایا گیا۔ مسیحی برادری کے افراد نے اس دن اپنے مرحومین کی یاد میں قبرستانوں کا رخ بھی کیا اور مذہبی رسومات کے مطابق اپنے پیاروں کو یاد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کرسمس کا تہوار محبت ، امن اور بھائی چارگی کاپیغام دیتا ہے۔ کرسمس کے موقع پر شہر کے گرجا گھروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :