کوہاٹ ‘مسیحی برادری نے مذہبی تہوار کرسمس جوش و خروش سے منایا

اتوار 25 دسمبر 2016 21:10

پشاور۔25دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) کوہاٹ میں مسیحی برادری نے مذہبی تہوار کرسمس جوش و خروش سے منایا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے شہر کے مختلف چرچوں میں منعقدہ تقریبات میںمہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرکے کیک کاٹے اور مسیحی برادری کو مذہبی تہوار پر بہت مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر ڈی پی او تقریبات میں شریک لوگوںمیں گھل مل گئے اور مسیحی برادری سے ملی یکجہتی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کوہاٹ میںامسال بھی 25دسمبر کے روز مسیحی برادری نے اپنی مذہبی تہوار کرسمس ڈے کوپورے جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا۔چرچوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھااور کرسمس ٹری کی سجاوٹ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔

(جاری ہے)

دن کے آغاذ سے ہی شہر کی چرچوں میں مسیحی برادری کے افراد کا تانتا بندھا رہااور مرد وخواتین اور بچوں کے چہرے خوشی سے کھل رہے تھے۔

چرچوں میں مذہبی رسومات ادا کئے گئے اور تقاریب کے دوران گیتوں و ڈراموں سے خوشی کی سماں بندھی رہی۔کرسمس ڈے کے موقع پر ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال نے شہر کے مختلف چرچوں میں جاکر مہمان خصوصی کے طور پر مسیحی برادری کی تقاریب میں شرکت کی۔ڈی پی او نے ضلعی پولیس کی طرف سے مسیحی برادری کو کیک کے تحائف پیش کئے اور لوگوں میں گھل مل گئے۔تقاریب میں شرکت کیلئے آمد کے موقع پر مسیحی برادری کے عمائدین نے ڈی پی او کا زبردست انداز میں استقبال کیا اور انہیں روایتی محفلوں سے محظوظ کرایا۔

اس موقع پر ڈی پی او نے مسیحی برادری کے افراد سے ملی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مذہبی تہوار منانے پر بہت مبارکباد دی۔علاوہ ازیںکرسمس ڈے کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے اور چرچوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو چرچوں کے احاطے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

متعلقہ عنوان :