صوبائی وزیر اطلاعات کی جانب سے جناح ہسپتال لاہور میں قائد اعظم کے سب سے بڑے پوٹریٹ کا افتتاح

قائد اعظم کا پوٹریٹ اُن کی شخصیت کو بہترین فنکارانہ خراج تحسین ہے، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتوار 25 دسمبر 2016 21:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے جناح ہسپتال لاہور کی دیوار پربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کاپاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پوٹریٹ کا افتتاح کیا۔ یہ پوٹریٹ پاکستان ، جرمن اور یوکرین کے آرٹسٹوں نے 5 روز میں مکمل کیا جس کی کل لمبائی و چوڑائی 1900 مربع فٹ ہے اس پوٹریٹ کی ایک نمایاں خوبی قائد اعظم کی آنکھیں ہیں جو ہر اینگل سے یکساں طور پر دیکھنے والے کی جانب دیکھتی محسوس ہوتی ہیں ۔

قائد اعظم کے پوٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر مشیر اطلاعات ملک احمد محمد خاں بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوٹریٹ بانی پاکستان قائد اعظم کی انتھک خدمات کو ایک خوبصورت خراج تحسین ہے اور اس پوٹریٹ کے بنانے والے آرٹسٹ پوری قوم کی جانب سے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمایاں شخصیات کی پوٹریٹ گریٹر اقبال پارک سمیت صوبہ کے دیگر شہروں میں بھی بنائی جائیں گی تاکہ نئی نسل کو قومی لیڈرز کی خدمات سے آگاہی ملے ۔

اُنہوں نے کہا کہ آج ہمیں قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب پاکستان کو عظیم ریاست بنانے کے لیے انتھک محنت کریں اور تحریک پاکستان جیسے جذبہ سے کام لیتے ہوئے پاکستان کو ایشیاء کی عظیم اقتصادی قوت بنائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے اقتدار کو عوام کی خدمت کے لیے استعمال کیاہے اور ہمار ا عزم ہے کہ ہم جمہوریت اور اقتدار کو پاکستان کی بہتری کے لیے استعمال میں لائیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نوجوانوں میں تحریک پاکستان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرے تاکہ اُنہیں یہ اندازہ ہو کہ یہ ملک کتنی مشکلات کے بعد معرض وجود میں آیا ہے۔