مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اور ان کو فنڈز کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے،صوبائی وزیر جنگلات

اتوار 25 دسمبر 2016 21:00

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر جنگلات میاں یاور زمان نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی مدبرانہ سوچ سے آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کو پہلے سے زیادہ برتری حاصل ہوگی۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پپلی پہاڑ ریسٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے جھوٹے نعرے لگانے والوں کو بلدیاتی الیکشن میں عوام نے عبرت ناک شکست دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پنجاب حکومت نے مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اور ان کو فنڈز کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے تا کہ نچلی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے کے لیے بنیادی کردار ادا کیا جا سکے ۔میاں یاور زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے قومی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔