بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے سیاسی افکار، نظریات اور ویژن پر عمل پیرا ہو تے ہوئے ان کے مشن کی تکمیل کے لئے تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی اور اسکے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیرجنگلات سردار میر اکبر خان

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) آزادکشمیر کے وزیرجنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے سیاسی افکار، نظریات اور ویژن پر عمل پیرا ہو تے ہوئے ان کے مشن کی تکمیل کے لئے تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی اور اسکے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔قائد کے فرمان کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کے مشن کی تکمیل کے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔

تحریک آزادی کشمیر اصل میں تحریک تکمیل پاکستان ہے۔بیس کیمپ کی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ مستحکم و مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی منزل ہے۔وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف پیش کرکے کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کی منزل حاصل ہو کر رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار سردار میر اکبر خان نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت جماعت اسلامی کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کی۔ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری منظور احمد، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی، پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شرکت جاوید میر، مشتاق الاسلام،ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف خان، عزیر غزالی، شاہین، قاری بلال، راجہ شفیق انقلابی، قاری اشفاق لون اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ اس موقع پرسائرہ چشتی ، راجہ اظہار خان، جنید نسیم،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے راہنماوں، مہاجرین ، تاجر، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے سینئر پارلیمنٹرین کے وفود بھی بیرون ملک بھیجے گئے پاکستان عالم اسلام کے لئے ایک امید کی کرن ہے پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ تحریک آزادی اور تحریک تکمیل پاکستان کے لئے ہمارے اسلاف نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انشاء اللہ ایک دن ضرور آئے گا کشمیریوں کو ان کی منزل حاصل ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحمن نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈہ ہے۔ اس ایجنڈے کی تکمیل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے ۔ قائد کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کے مشن کی تکمیل کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریئے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے۔ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔ قائد کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی مضبوطی و استحکام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور تحریک تکمیل پاکستان کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔