آزادکشمیر میں کرسمس بھرپور انداز میں منایا گیا‘ مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایوان وزیراعظم میں تقریب منعقد

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) آزادکشمیر میں کرسمس بھرپور انداز میں منایا گیا۔کرسمس کے حوالہ سے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے ایوان وزیراعظم میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، مسلم لیگ ن مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل مبارک اعوان، خواجہ اعظم رسول، فیصل آزاد، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شکیل گیلانی، مسیحی برادری کے مرد و خواتین،نوجوان، بوڑھوں اور بچوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے مسحی برادری کے راہنما ریاست مسیحی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور مسیحی برادری کے قبرستان، رہائشی کالونی سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کی خصوصی ہدایت پراقلیتوں کے تمام مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم آزادکشمیر ، عوام اور اپنی جانب سے کرسمس کی خوشیوں کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا خطہ تمام تعصبات سے پاک و صاف ہے یہاں امن پسند لوگ رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسحیی برادری کے قبرستان کا مسئلہ فی الفور حل کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاست مسیحی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مسیحی برادری بین الاقوامی کرسچن کمیونٹی سے مطالبہ کرتے ہیںکہ وہ انسانی حقوق کی بنیادوں پر مقبوضہ کشمیر کی عوام پر جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی طرف سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر شکرگزار ہیں اور آج اس خوشی کے موقع پر ایوان وزیراعظم میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ریاست مسیحی نے کہا کہ آج ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق حق خودارادیت دلانے کے لئے ہندوستان پر اپنا دباو ڈالے۔ ریاست مسیحی نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کے حق لئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر کشمیرکی آزادی اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔