پانی کے معاہدے کے معاملے پر ورلڈ بینک ،عالمی قوتوں کا اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا نہ کرنا افسوسناک ہے، رضا ربانی

انڈیا کو اگر لاڈلا بچہ قرار دیا گیا تو اس کی اجازت نہیں دینگے، پانی فراہم کرنے کا معاہدہ منسوخ کیا گیا، بند کیا گیا یا کم کیا گیا تو جنگ تصور کیا جائیگا جب تک ہم منفی سوچ کیخلاف نہیں لڑینگے اس وقت تک دہشتگردی کو جڑوں سے اکھاڑنا مشکل ہے، گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پانی کے معاہدے کے معاملے پر ورلڈ بینک اور عالمی قوتیں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا نہیں کررہی ہیں، انڈیا کو اگر لاڈلا بچہ قرار دیا گیا تو اس کی اجازت نہیں دیں گے، پانی فراہم کرنے کا معائدہ منسوخ کیا گیا، بند کیا گیا یا کم کیا گیا تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا۔

گڑھی خدابخش بھٹو میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو، سعید غنی، وقار مہدی اور دیگر کے ہمراہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر کی مزاروں پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف جیسے شخص کا اس مقدس مزار پر نام لینے پر شرمندہ ہوں لیکن اس شخص نے غلط بیانات دے کر فوج اور عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے دونوں ادارے آئین کے مطابق بہتر کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس خام خیال میں نہ رہنا چاہیے کہ دہشتگردی ایک یا دو آپریشن یا کچھ دنوں میں ختم ہوجائے گی اسے ختم کرنے کے لیے طویل جدوجہد کرنے پڑے گی جب تک ہم منفی سوچ کے خلاف نہیں لڑیں گے اس وقت تک دہشتگردی کو جڑوں سے اکھاڑنا مشکل ہے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ ریگیولیٹری اتھارٹیوں کو وزارتوں کے ماتحت کرنے پر وزیر قانون نے سینٹ میں قانونی پہلو پر بات کی ہے، میری رولنگ رزور ہے جو اگلے سیشن میں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرائے سینٹ کے اجلاس میں پہلے سے کچھ بہتر تعداد میں آرہے ہیں لیکن اب بھی ان کو حاضری بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سازش کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، وہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، ملک اس حادثے کے بعد اب تک سنبھل نہ سکا، اگر محترمہ زندہ ہوتیں تو اندرونی اور بیرونی حالات یکسر مختلف ہوتے۔

بین الاقوامی سازشوں کے تحت محترمہ کو شہید کیا گیا آج یقینی طور پر پوری قوم کو چاہیے کہ پاکستان کے جس بھی حصے میں رہیں وہ دہشتگردی، فرقہ واریت اور لسانی قوتوں کے خلاف یکجہ ہوکر آگے بڑھیں، محترمہ کے اصول قوم کی رہنمائی کرسکتے ہیں اور ہم پر یہ لازم ہے کہ پاکستان کو مسائل اور دہشتگردی سے نکالنے کے لیے محترمہ کے اصولوں پر عمل پیرا ہوں۔ ان تمام سے نکلنے کے لیے قوم کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ پاناما کے حوالے سے اپوزیشن کا بل پاس ہوکر نیشنل اسمبلی میں جا چکا ہے جبکہ حکومت کا داخل کیے جانے والا بل اسٹیڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے جو اس پر رپورٹ پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :