بجلی کے حصول کیلئے واٹربورڈ نے جلد از جلد اپنا پاور اسٹیشن لگانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ، ایم ڈی

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو کی ہدایت پر واٹربورڈ نے خود انحصاری کی جانب پیش قدمی شروع کردی ہے ، سندھ حکومت کی ہدایت پر بجلی کے حصول کے لئے واٹربورڈ نے جلد از جلد اپنا پاور اسٹیشن لگانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ،پاور پلانٹ کی تعمیر سے واٹربورڈ بجلی کی پیداور میںنہ صرف خود انحصار ہوجائے گا بلکہ زائد بجلی کے الیکٹرک کو بھی فراہم کرسکے گا ،جس کے عیوض وہ شہر کے دیگر علاقوں میں قائم پمپنگ اسٹیشنز پر نہایت ارزاں چارجز پر بجلی حاصل کرسکے گا ،شہری اس سلسلے میں جلد خوشخبری سنیں گے ،یہ بات انہوں نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں واٹربورڈ کے اعلیٰ حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو واٹربورڈ کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں اس ضمن میں گزشتہ دنوں دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے اعلان کیا تھا اپنا بجلی گھر قائم کرے سندھ حکومت مکمل تعاون کرے گی ان کے اس فراخدلانہ اعلان پر واٹربورڈ نے عملی اقدامات شروع کردیئے ہیں ، ماہرین کی ایک ٹیم نے دھابیجی میں بجلی گھر قائم کرنے کے لئے جگہ کا معائنہ کیا اور اپنی پہلی حتمی رپورٹ تیار کرکے پیش کردی ہے جس کے بعد بہت جلد واٹربورڈ اپنے بجلی گھر کی تعمیر کے لئے RFT اور NIT کی جانب جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے واٹربورڈ کے مرکزی اور ایشیا کے سب سے بڑے پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے 13کروڑ روپے کی لاگت سے نئے کیبل کی تنصیب کا کام بھی مکمل کرایا ہے جس کے بعد سے واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشن پر بار بار اچانک بجلی کے تعطل کا سلسلہ تقریبا ً ختم ہوگیا ہے اور اس کے نتیجے میں پائپ لائنیں پھٹنے کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ کی کوششوں سے واٹربورڈ پر واجب الادا کے الیکٹرک کو بلوں کی مد میں سندھ حکومت ماہانہ 52سے 55کروڑ روپے تک ادائیگی کررہی ہے جس سے کے الیکٹرک کی سروسز میں بھی بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کے اپنے بجلی گھر کے قیام سے بجلی کے اخراجات بھی نصف ہوجائیں گے اور پمپنگ اسٹیشن کی مشینری و مرکزی پائپ لائنیں بھی محفوظ رہیں گی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ سندھ حکومت کا یہ اقدام شہریوں کے لئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے جس کے ثمرات شہریوں کو سالہاسال ملتے رہیں گے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کی ہدایت ہے کہ بجلی گھر کے قیام کیلئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی منصفانہ بنیادوں پر مسلسل جاری رہے ۔

متعلقہ عنوان :