ڈسٹرکٹ مستونگ ، انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، عوام بنیادی سہولیات سے محرو م ہیں

جمعیت علماء اسلام کے رہنما ء میر سعدجان کرد کا بیان

اتوار 25 دسمبر 2016 20:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء)جمعیت علماء اسلام کے رہنما ء میر سعدجان کرد نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ مستونگ اور قلات عوامی نمائندوں کی عدم توجیہی کے باعث کھنڈرات کی صورت پیش کر رہے ہیں ، انفراسٹرکچر نام کی کوئی چیز نہیں، خان کے زمانے کی عمارتوں سے ہی کام چلایا جا رہا ہے ،سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقے کے دورے سے واپسی پر اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مستونگ اور قلات کے منتخب نمائندوںنے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا علاقے میں صحت کی کوئی مناسب سہولیات نہیں ہیں لوگوں کو معمولی علاج اور چھوٹے آپریشن کے لئے کوئٹہ کا سفر کرنا پڑتا ہے جو غریب عوام کے بس کی بات نہیںصورتحال اس حد تک المناک ہے کہ بہت معمولی بیماریوں میں لوگ سالوں تک مبتلا رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت پر ہی موقوف نہیں تعلیم کا بھی کوئی پوچھنے والا نہیں مناسب تعلیمی سہولیات اور وسائل کے نہ ہونے کی وجہ سے مستونگ اور قلات کے باصلاحیت نوجوانوں کی توانائیاں ضایع ہو رہی ہیں ۔مذکورہ اضلاع کے وہ نوجوان جنہوں نے تعلیم حاصل کر کے علاقے کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا تھا وہ تعلیم سے محروم ہیں اوراپنا پیٹ پالنے کے لئے چھوٹے موٹے کام کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ اضلاع میں صفائی کی حالت انتہائی مخدوش ہے نہ تو سیوریج کا کوئی باقاعدہ بندوبست ہے نہ ہی کچرہ اٹھانے کا علاقوں کے بازار گندگی کے ڈھیر بنے ہوئے ہیں جن سے نہ صرف تغفن اٹھتا ہے بلکہ طرح طرح کی بیماریاں بھی پھیلتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں عوام سے ووٹ تو لئے گئے ہیںاور حکومتی مراعات سے مستفید ہونے والے منتخب نمائندے بھی موجود ہیں مگرعوامی فلاح کا کوئی کام دکھائی نہیں دیتا جدید دور کے ساتھ ان علاقوں کو بھی ترقی ملنی چاہیے تھی مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ترقی تو ایک طرف یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں ۔

انہوںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایک مسلہ ہوتو ہم ذکر کریں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ نے اپنی جگہ عوام کو پریشان کر رکھا ہے زمینداروں کو ڈیزل کے انجن استعمال کرنے پڑ رہے ہیں جو کہ انہیں بہت مہنگا پڑتا ہے اور سارا سال محنت کرنے کے بعد بھی زمینداروں کو کچھ حاصل نہیں ہوتا سڑکوں کا حال دیکھا جائے تووہ بھی انتہائی افسوس ناک ہے سڑکوں کی خستہ حالی سے مسافر اور ٹرانسپورٹرزبیقوقت پریشان ہیں ٹرانسپورٹرز عوام پر بوجھ پڑنے کے خیال سے کرایے نہیں بڑھا سکتے جبکہ خستہ حال سڑکوں نے ان کی گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں میرا حالیہ دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے نہ تو ماضی میں اپنے عوام کو حالات اور لوگوں کے رحم وکرم پر چھوڑا نہ ہی اب اپنے عوام کو چھوڑیں گے عوام کی خدمت کے لئے میدان عمل میں آئیں گے اور اپنی تمام تر صلاحیتیں عوام کی فلاح بہبود پر صرف کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں ہر وقت ہمارے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں ۔