آصف علی زرداری سرپرائز دینے کی باتیں کر کے کارکنوں اور عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے‘ناہید خان

پاکستان کی سیاست میں انکی کوئی اہمیت اور کردار نہیں ،کنونشن کے بعد جلوس کی صورت میں بینظیر بھٹو شہید کی قبر پر حاضری دینے جائینگے

اتوار 25 دسمبر 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری سرپرائز دینے کی باتیں کر کے کارکنوں اور عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ، پاکستان کی سیاست میں آصف علی زرداری کی کوئی اہمیت اور کردار نہیں ،ملک بھر سے آنے والے کارکنوں کا آج ( پیر) کوکنونشن منعقد ہوگا جس کے بعد جلوس کی صورت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قبر پر حاضری دینے جائیں گے ۔

گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو سے سیاست کرانی ہے تو آصف علی زرداری اور انکے خاندان کو پیپلز پارٹی کے معاملات سے الگ ہونا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کوئی زمین کا کوئی ٹکڑا نہیں کہ دس ، دس لوگ اس کی قیادت کریں ۔

(جاری ہے)

لیڈر صرف ایک ہی ہوتا ہے ۔حادثاتی طو رپر لیڈر بننے والے خود کو سب کچھ سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پیپلز پارٹی کو بھٹو شہید اور بی بی شہید کے نظریات کے مطابق نہیں چلایا جائے گا یہ دوبارہ اپنے پائوں پرکھڑی نہیں ہو سکتی ۔

آصف علی زرداری نے ہمیشہ سر پرائز ہی دیا ہے اب وہ آسمان کے راستے اتریں یا زمین کے راستے آئیں وہ سرپرائز دینے کی باتیں کر کے کارکنوں اور عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ انہوںنے بتایا کہ آج پیر کے روز ملک بھر سے آئے ہوئے کارکنوں کا کنونشن منعقد ہوگا جس کے بعد کارکن جلوس کی صورت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قبر پر حاضری دیں گے اورفاتحہ خوانی کریںگے۔