مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں، انجینئر بلیغ الرحمن

بجلی کے بحران پر قابوپانے اور ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے مربوط انداز میں کام کیا جا رہا ہے اکنامک کوریڈور سے ملک میں ترقی ہو گی اور عوام خوشحال ہو گی،وزیر مملکت تعلیم کا بانی پاکستان اور وزیر اعظم نوازشریف کی کی سالگرہ کی پروقار تقریب سے خطاب

اتوار 25 دسمبر 2016 19:01

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 دسمبر2016ء) وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی، چیئرمین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیع اللہ چوہدری، نومنتخب میئر بہاول پور عقیل نجم ہاشمی، چیئر مین، وائس چیئر مین یونین کونسل، کونسلرز اور سول سوسائٹی کے ممبران موجود تھے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں امن وامان کے قیام کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔اسی طرح بجلی کے بحران پر قابوپانے اور ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے مربوط انداز میں کام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبہ پر بھرپورتوجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوان تعلیم سے آراستہ ہو کر ملک وقوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اکنامک کوریڈور سے ملک میں ترقی ہو گی اور عوام خوشحال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی، انرولمنٹ میں اضافہ اور طلباوطالبات کو شاندار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی درازی عمر، صحت ، ملک کی ترقی وخوشحالی اور امن وامان کے قیام کے لئے دعا کی گئی۔

دریں اثنا ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی کی رہائش گاہ پر قائد اعظم محمد علی جناح اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ بلیغ الرحمن اور ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے کیک کاٹا۔ اس موقع پر چیئر مین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیع اللہ چوہدری ، میئر بہاول پور عقیل نجم ہاشمی، طاہر جانباز، ایوب قریشی، کوثر پروین، چیئر مین، وائس چیئر مین یونین کونسل، کونسلرز اور مسلم لیگی ورکرز موجود تھے۔

ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت خوشی کا دن ہے کہ 25دسمبر کو قائد اعظم محمد علی جناح پیدا ہوئے اور اسی تاریخ کو مسلم لیگ(ن) کے سربراہ اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف بھی پیدا ہوئے۔انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور بہت جلد پاکستان دنیا کے نقشہ پر ترقی یافتہ ملک کے طور پرابھر کرسامنے آئے گا