او جی ڈی سی ایل، ایچ ای سی معاہدہ،اسلامی یونیورسٹی کو 37 ملین کی 25 سکالر شپس کی فراہمی کا اعلان

اتوار 25 دسمبر 2016 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) او جی ڈی سی ایل ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے اسلامی یونیورسٹی کو 37 ملین مالیت کی 25 سکالرشپس فراہم کرے گا۔ مجموعی طور پر او جی ڈی سی ایل کے جانب سے جامعات کو دی جانے والی 260 سکالرشپس کے باقاعدہ اعلان و معاہدے پر دستخط کی تقریب ادارے کے ہیڈ کواٹر میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزیر پٹرولیم تھے جبکہ اس تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی زاہد میربھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ان سکالر شپس پر 141 ملین خرچ کیے جائیں گے اور پسماندہ علاقوں میں 70 سکالرشپس و وکیشنل ٹریننگ کے لیے مختص کی جائیں گی۔ ڈاکٹر مختار نے کہا کہ تمام مسائل کا حل تعلیم کو ترجیح دینے میں پنہاں ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ ایچ ای سی کی تشکیل سے اب تک ادارہ دو لاکھ وظائف فراہم کر چکا ہے۔ اس موقع پر جامعہ کی قیادت نے او جی ڈی سی ایل اور ایچ ای سی کے اعلیٰ عہدیدران کا اسلامی یونیورسٹی کے لیے سکالر شپس کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔