اسلام آباد کو شہر بے مثال بنانے میں مسیحی برادری کی خدمات نا قابل فرا موش اور قا بل ستائش ہیں، مسیحی برادری کی فلا ح و بہبود اولین ترجیحات میں شا مل ہیں

مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزکا کرسمس کے موقع پر تقریب سے خطاب

اتوار 25 دسمبر 2016 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) اسلام آباد کے میئر و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں اخوت ، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔یہ میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں دو ایسے اداروں کی سربراہی کر رہا ہوں جو بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کی ایک جیتی جا گتی مثال ہیں۔اسلام آباد کی تعمیر وترقی میں مسیحی برادری نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اسلام آباد کو شہر بے مثال بنانے میں مسیحی برادری کی خدمات نا قابل فرا موش اور قا بل ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے لوک ورثہ شکرپڑیاں کے زیر اہتمام کرسمس کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع ڈائریکٹر لوک ورثہ کے علاوہ مسیحی ملازمین کی ایک کثیر تعدادموجود تھی ۔ مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد کی مسیحی برادری کی فلا ح و بہبود ہماری ترجیحات میں شا مل ہے۔

اس سلسلے میں سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے مسیحی ملازمین کو مسلم ملازمین کے برابرسہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی ملازمین کے مذہبی تہواروں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے نہ صرف ان کو اس ماہ کی تنخواہ ایڈوانس دی جاتی ہے بلکہ ایک بنیا دی تنخواہ کے برابر بونس بھی دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر G-8/1میںمسیحی برادری کو چرچ کی تعمیر کے لئے چار کنال پلاٹ الاٹ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی عبادات یکسوئی کے ساتھ ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہِ دسمبر ہمارے لئے اس لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت بھی ہے اور میرے لئے یہ ماہ اس لئے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ میرے سیاسی قائد اور راہنما وزیر اعظم محمد نواز شریف کا جنم دن بھی اسی ماہ دسمبر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی روایت رہی ہے کہ مسیحی برادری کے تہواروں پرخصوصی میلوں اور پروگرامز کا انعقادکیا جاتا رہا ہے اور میں آپ کو یہ یقین بھی دلاتا ہوں کہ نہ صرف ان روایات کو برقرار رکھا جائے گا بلکہ ان میںمزید اضا فہ بھی کیا جائے گا۔

مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے نے کہا کہ ملکی ثقافت اور تہذیب و تمدن کے فروغ کے لئے لوک ورثہ کا کردار قا بل تعریف رہا ہے اور اس ادارے کی طرف سے ملک کی قابل فخر ثقا فت کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی ترویج کے لئے گراں قدر خدمات قا بل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ کو درپیش جائز مسائل کے حل کے لئے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ان تمام مسائل کا قا بل عمل حل اور سفارشات تیار کریں تا کہ ان کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ بلدیاتی انتخابات کے بعد میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کا وجود قائم ہو چکا ہے اور وزیرِ اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور شہریوںکی خدمت کی ذمہ داری پہلی مرتبہ منتخب عوامی نمائندوں کو سونپی گئی ہے اور اس ذمہ داری کواحسن طریقے سے نبھانے کے لئے میری ٹیم نہ صرف پوری طرح تیار ہے تاکہ اسلام آباد دنیا بھر کا ماڈل شہر بنایا جا سکے ۔