قادیانیوں سے متعلق آئینی ترامیم ختم نہیں ہونے دیں گے، امریکی کمیشن کاقادیانیوں سے متعلق قوانین ختم کرنے کا مطالبہ احمقانہ اور حقائق کے منافی ہے ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

اتوار 25 دسمبر 2016 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کا قادیانیوں سے متعلق قوانین ختم کرنے کا مطالبہ احمقانہ اور حقائق کے خلاف ہے، قادیانیوں سے متعلق قوانین ختم نہیں ہونے دیں گے ۔ امریکی کمیشن کی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں مولانا قاری جمیل الرحمن اختر،قاری نذیراحمد،مولانا سید ضیا ء الحسن شاہ ،قاری علیم الدین شاکر،پیرمیاں محمدرضوان نفیس،مولانا عبدالنعیم ،مولانا محبو ب الحسن طاہر،قاری ظہورالحق ،مولانا سعید وقار ،مولانا قاری عبدالعزیز،مولانا خالدعابدنے امریکی کمیشن کی سالانہ رپورٹ جس میں قادیانیوں سے متعلق قوانین ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا " پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قادیانیوں نے آج تک پاکستان کے آئین کو تسلیم نہیں کیا قادیانی آئین کے باغی ہیں، امریکی کمیشن کا قادیانیوں سے متعلق قوانین ختم کرنا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ ہم پاکستان میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔ قادیانی اپنے آپ کو غیر مسلم تسلیم نہ کرکے مسلمانوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

علماء کرام نے کہا کہ قادیانیت کا فتنہ اسلام کی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے، قادیانی لابی مسلسل عالمی سطح پر اپنی مصنوعی مظلومیت کا واویلا کرکے اسلام اور پاکستان کے وجود کو بدنام کر رہی ہے۔ علماء کرام نے کہا کہ بہت ساری قربانیوں اور صبر آزما جدوجہد کے بعد قادیانیوں کو کافر قرار دیا گیا تھا، اپنے اکابرین کی جدوجہد کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا اور اسکا سرکاری مذہب اسلام ہے اور قرار داد مقاصد اس کے آئین کا حصہ ہے۔ اسلام اور آئین پاکستان نے جو اقلیتوں کو حقوق دیے ہیں وہ پاکستان میں انہیں مکمل طور پر حاصل ہیں لیکن قادیانی آئین پاکستان کو ماننے سے انکاری ہیں ۔ قادیانی آئین کو نہ مان کر کھلم کھلا آئین سے بغاوت کا ارتکاب کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کے دونوں گروہ (قادیانی اور لاہوری) کو ان کے کفریہ عقائد کی وجہ سے 1974ء میں غیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا لیکن آج قادیانیوں نے پارلیمنٹ کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا ۔ قادیانی گروہ مسلسل آئین پاکستان اور پارلیمنٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔علماء کرام نے مزید کہا کہ تمام علماء کرام کی محنت کے نتیجے میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا تھا لہٰذا قادیانیوں سے متعلق قوانین ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔